Live Updates

توشہ خانہ ٹوکیس؛ عمران خان و بشریٰ بی بی کی درخواستِ بریت دوسرے بینچ منتقلی کی استدعا

بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی بریت کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 جنوری 2025 10:32

توشہ خانہ ٹوکیس؛ عمران خان و بشریٰ بی بی  کی درخواستِ بریت دوسرے بینچ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری 2025ء ) توشہ خانہ ٹوکیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواستِ بریت دوسرے بینچ منتقلی کی استدعا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جہاں جسٹس راجا انعام امین منہاس نے کیس سنا، اس مقدمے میں بیرسٹر سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت عمران خان و بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ’میں اپنے کلائنٹ کی ہدایات کے مطابق عدالت کے سامنے اپنی استدعا رکھتا ہوں کہ یہ کیس اس ہائیکورٹ کے بہت سینئر جج پہلے سے سُن چکے ہیں، خاور مانیکا نے عمران خان کی عِدت کیس میں بریت کے خلاف اپیل دائر کی، عِدت کیس میں ان ہی گراؤنڈز پر کیس دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کا آرڈر ہوا‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ’اسلام آباد ہائیکورٹ میں اتنے سینئر ججز موجود ہیں اور مجھے اپنے کلائنٹ کی ہدایات ہیں، اس حوالے سے میرے پاس تحریری طور پر بھی اعتراض کی درخواست موجود ہے لیکن میں وہ دائر نہیں کرنا چاہتا، میری استدعا ہے عدالت کوئی نئی تاریخ نہ دے اور اس نکتے پر تھوڑا سوچ لے‘ بعد ازاں جسٹس راجا انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ سماعت پر اپنے دلائل میں درخواست گزاروں کے وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے ٹرائل پر حکمِ امتناعی جاری کرنے کی استدعا کی تھی، جس پر جسٹس انعام نے ریمارکس دیئے تھے کہ ’کریمنل کارروائی کو اس موقع پر سٹے کرنے کی کوئی عدالتی نظیر موجود نہیں، دوسرے فریق کو آ جانے دیں دونوں کو سُن کر دیکھ لیتے ہیں، ہم آپ کی درخواست پر نوٹس کرکے دوسرے فریق کو بھی سن لیتے ہیں‘، اس کے ساتھ ہی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کردیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات