آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ترکیہ کے فوٹو گرافر ’’ریسول سلک‘‘ کی تصاویر پر مبنی نمائش کا انعقاد

نمائش میں آویزاں تصاویر ترکیہ شہر کی اصل خوبصورتی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگوکا تقریب سے خطاب

پیر 3 فروری 2025 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2025ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ترکیہ کے فوٹو گرافر ’’ریسول سلک‘‘ کی تصاویر پر مبنی نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیاگیا جس کا افتتاح مہمانِ خصوصی قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو، ڈائریکٹر یونس ایمرے پروفیسر ڈاکٹر حلیل توکار، سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی نے کیا، ترکیہ کے فوٹو گرافر ریسول سلک بھی ان کے ہمراہ تھے، نمائش میں سری لنکا کے قونصل جنرل جگت ابھیورنا، آرٹ اسکول کے پرنسپل شاہد رسام، شکیل خان، جواد جان، ایم این اے رمیش کمار اور فاطمہ حسن سمیت فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فوٹو گرافر ریسول سلک کی جانب سے نمائش میں 40تصاویر نمائش کے لیے پیش کی گئیں جس میں ترکیہ کے مختلف شہروں کی ثقافت اور قدرتی حسن کی عکاسی کرتے مناظر قید کیے گئے تھے، نمائش میں ترکیہ کے عظیم جنگجو ارتغرل غازی کی آخری آرام گاہ کی تصویر بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نمائش میں بہت خوبصورت تصاویر آویزاں ہیں جو کہ ترکیہ شہر کا اصل چہرہ دکھا رہی ہیں، خوبصورت پہاڑوں سے شروع ہوتے دریا ،ترکی کے مینار سب ان تصویروں میں موجود ہے ، میں احمد شاہ اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں پورا حصہ ڈالا اور شرکاء نے ان تصاویر کو محفوظ کیا۔

آرٹ اسکول کے پرنسپل شاہد رسام نے کہاکہ آپ ان تصاویر میں ملک کی خوب صورتی کو دیکھ سکتے ہیں، یہ ایگزیبیشن یادگار رہے گی اور دو ملکوں کو آپس میں جوڑنے کا کام بھی کرے گی۔ایم این اے رمیش کمار نے کہاکہ سلک نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اپنی تصاویر کی نمائش کرائی ، ان تصاویر کو الفاظوں میں بیان کرنا نہ ممکن ہے۔ ترکیہ کے فوٹو گرافر ریسول سلک نے کہاکہ مجھے ترکیہ کی خوب صورتی کو پاکستان میں پیش کرتے ہوئے بہت اچھا لگ رہا ہے، میں میڈیا سمیت تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری اس کاوش کو کامیاب اور پرامن بنانے میں میرا ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ ریسول سلک کا عالمی سطح پر منصوبے میں مختلف رنگوں اور ثقافتوں کو اکٹھا کرنے کا سفر جاری ہے، ریسول سلک ترکیہ سمیت بیرون ملک بہت سے مقامات پر نمائشیں منعقد کر چکے ہیں جن میں استنبول، انقرہ، ریاست ہائے متحدہ امریکہ ، نیویارک، واشنگٹن، فرانس، سوئٹزرلینڈ، زیورخ اور جنیوا شامل ہیں، انہوں نے 81 IL T(RKIYE GIZEM DOLU ANADOLU / TURKEY WITH 81 PROVINCES MYSTERIOUS ANATOLIA کے نام سے کتاب بھی شائع کی ہے۔ تصاویری نمائش 3 تا 6 فروری 2025ء، صبح 10سے شام 5بجے تک احمد پرویز آرٹ گیلری، دوسری منزل ، احمد شاہ بلڈنگ، آرٹس کونسل کراچی میں جاری رہے گی۔