Live Updates

عدت نکاح کیس، عمران خان و بشریٰ بی بی کی بریت کیخلاف اپیل واپس بھیجنے کا تحریری حکمنامہ جاری

بطور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج یہ کیس سن چکا ہوں، مناسب یہی ہے کہ کوئی اور بنچ اس اپیل پر سماعت کرے؛ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان کے فیصلے کا متن

Sajid Ali ساجد علی منگل 4 فروری 2025 11:33

عدت نکاح کیس، عمران خان و بشریٰ بی بی کی بریت کیخلاف اپیل واپس بھیجنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری 2025ء ) عدت نکاح کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کے خلاف اپیل واپس بھیجنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے وکلاء نے جسٹس اعظم خان کے کیس سُننے پر اعتراض اٹھایا جس پر انہوں نے کیس کی سماعت سے معذرت کی، جس کے بعد اب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عِدت کیس میں بریت کے خلاف اپیل پر نئے بنچ کی تشکیل کیلئے فائل واپس بھیجنے کا تحریری حکمنامہ جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے طورپر یہ عدت میں نکاح کا کیس سن چکا ہوں، مناسب ہے کہ کوئی اور بینچ خاور مانیکا کی اس اپیل کی سماعت کرے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے دیئے گئے بریت کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے، اس حوالے سے دائر اپیل میں ان کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ یاد رہے کہ 13 جولائی 2024ء کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی7،7 سال قیدکی سزائیں معطل کردی تھیں، مرکزی اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا کر رہے تھے، سماعت کے دوران خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف ایڈووکیٹ اور عمران خان کے وکیل عمران صابر، مرتضیٰ طوری، زاہد ڈار تھے۔

                                      
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات