یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام یومِ کشمیر کی مناسبت سے کشمیر یکجہتی واک کا انعقاد

منگل 4 فروری 2025 18:09

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ریاض شادہم نصابی فورم کے زیر اہتمام یوم کشمیر کی مناسبت سے کشمیر یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کی جو نون بزنس سکول سے شروع ہو کر لائبریری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

واک میں کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، چیف سکیورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ اشتیاق احمد،ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل، ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم ڈاکٹر محمد منیر گجر سمیت یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور عملے نے بھرپور شرکت کی اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف ایک جغرافیائی تنازعہ نہیں بلکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے جس سے لاکھوں کشمیری عوام کی تقدیر جڑی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے تک ہماری حمایت جاری رہے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا ہمیشہ کشمیری عوام کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کے لیے نہ صرف ایک سیاسی معاملہ ہے بلکہ یہ ہمارے دلوں کی آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی عوام کے ساتھ صرف اخلاقی طور پر نہیں بلکہ ہر سطح پر سیاسی اور سفارتی طور پر بھی کھڑے ہیں۔ پروفیسر میاں غلام یاسین نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔واک کے دوران یونیورسٹی کے طلبہ نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا تھا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو اجاگر کیا گیا تھا۔

طلبہ نے ''کشمیر بنے گا پاکستان'' اور ''کشمیریوں کے حقوق کے لیے لڑیں گے'' جیسے نعرے بلند کیے۔ قبل ازیں ریاض شاد ہم نصابی فورم کے زیر اہتمام مقابلہ اردو تقریر بعنوان ”کشمیر پاکستان کہ شہ رگ ہے“ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء وطالبات نے بھرپور شرکت کی جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہر کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔