خیبرپختونخواہ حکومت کے بعد پنجاب حکومت کا بھی رمضان پیکج دینے کا فیصلہ

خیبرپختونخواہ حکومت کی طرح پنجاب حکومت کی جانب سے بھی رمضان میں مستحق افراد کو 10 ہزار روپے دینے کا اعلان

muhammad ali محمد علی منگل 4 فروری 2025 21:03

خیبرپختونخواہ حکومت کے بعد پنجاب حکومت کا بھی رمضان پیکج دینے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری2025ء) خیبرپختونخواہ حکومت کے بعد پنجاب حکومت کا بھی رمضان پیکج دینے کا فیصلہ، خیبرپختونخواہ حکومت کی طرح پنجاب حکومت کی جانب سے بھی رمضان میں مستحق افراد کو 10 ہزار روپے دینے کا اعلان  ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے مستحق خاندانوں کیلئے رمضان پیکیج کا اعلان کردیا، 30 لاکھ خاندانوں کو فی کس 10 ہزار روپے کا پے آرڈر دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق روں سال رمضان بازار میں سبسڈی دینے کے بجائے ہر خاندان کو نقد امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان 10 ہزار روپے کا پے آرڈر دے گی۔پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ پنجاب نے فنڈز کی فراہمی کیلئے سمری حکومت کو ارسال کردی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخواہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران غریب شہریوں کو 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس حکام کو یوٹیلٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان کی آمد آمد ہے اس حوالے سے وزارت فوڈ سکیورٹی کو یوٹیلٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی ہے تاکہ کرپشن اور خراب مال کی فروخت نہ ہو، اس حوالے سے میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ یوٹیلٹی سٹورز کے ساتھ اب یہ معاملہ نہیں چل سکتا کیوں کہ گزشتہ سال رمضان میں یوٹیلٹی سٹورز کے حوالے سے بے پناہ شکایات تھیں جس کا حل یہ نکالا ہے کہ مائنس یوٹیلٹی سٹور رمضان پیکیج لایا جائے۔