دُنیا بھر کی طرح نیلم میں بھی 5 فروری ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘کوملی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا

مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرآٹھ مقام میں منعقد ہوئی ۔ شرکاء ریلی کی شکل میں بن تل چوک کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی

بدھ 5 فروری 2025 15:11

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2025ء)دُنیا بھر کی طرح نیلم میں بھی 5 فروری ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘کوملی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا۔صبح کاآغاز مساجد میں شہداء کشمیرکے ایصال ثواب اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے دعائوں سے ہوا۔ ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرآٹھ مقام میں منعقد ہوئی ۔

شرکاء ریلی کی شکل میں بن تل چوک کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی ۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیاگیا۔ 10:1 منٹ پر سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ ریلی میں سرکاری ملازمین، طلباء ، وکلاء ، صحافیوں اور تاجران کے علاوہ سول سوسائٹی کی کثیر تعدادنے شرکت کی ۔ شرکاء نے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بینرز ، پوسٹر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے۔

(جاری ہے)

شرکاء نے کشمیر کی آزادی ، پاکستان زندہ باد ، کشمیر بنے گاپاکستان ، پاکستان سے رشتہ کیا ،لاالااللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ضلع بھرمیں درجن سے زائد تقریبات منعقد کی گئیں۔مرکزی تقریب آٹھ مقام میں جبکہ باب نیلم چلہانہ،جورا، کنڈلشاہی ، لائن آف کنٹرول کیرن ، دودھنیال، شاردہ ، کیل، گریس میں ریلیاں، تقریبات کی گئیں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بناکر مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیاگیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرندیم احمد جنجوعہ نے کہاکہ پانچ فروری آزادکشمیر وپاکستان کے شہری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیاجارہاہے ۔ 5 فروری کودنیا بھر میںمقیم پاکستانی وکشمیری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں۔

آج کے دن ہم اس عزم کااعادہ کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک ہم ان کے شانہ بشانہ اپنی جدوجہد کو جاری رکھیںگے۔ انہوں نے عالمی برداری سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کشمیری نظریاتی طور پر پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں اور مضبوط پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کاضامن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری آزادی کی نعمت حاصل کرینگے ۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ بار نیلم کے سابق صدر بشارت میر ایڈووکیٹ، ایکسٹرااسسٹنٹ کمشنر چوہدری بشارت ،چیئرمین خواجہ انیس علی ،ڈسٹرکٹ کونسلر نمبردارلیاقت حسین،چیئرمین انجمن تاجران عبدالرشیداعوان ،ایپکاکے ضلعی صدر جاوید چوہدری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیراور پاکستان کالازوال رشتہ مضبوط بنیادوں پر کھڑاہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

مقررین نے کہاکہ پاکستانی اور کشمیری مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیساتھ اخلاقی ، سیاسی ،سفارتی اورہر اعتبار سے اپنا تعاون جاری رکھیں گئے ۔ آج کے دن ہم لائن آف کنٹرول کے اس پار بسنے والے شہریوں کویقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کیساتھ ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل تک ہم جدوجہد جاری رکھیں گئے ۔05 اگست 2019 کے بعد بھارت غیر قانونی محاصرے کے ذریعے مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کامرتکب ہورہاہے ۔

بھارت مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حق خوداردیت کے جذبے کو کم نہیں کرسکا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر کے ان بھائیوں کو یقین دلایا کہ اہل پاکستان آزادجموں وکشمیر کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی وکشمیری اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ ہیں ۔ اور اہم ان کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کسی طور پر دستبردارنہیں ہونگے مقررین نے سوشل میڈیا کے ذریعے اقوام عالم تک بھارتی جرائم اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیساتھ ہونیوالے مظالم سے آگاہ کیاجائے۔

آخر میں تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کے ایصال ثواب ، کشمیر کی آزادی اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں ۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ خواجہ ذاکر ،ڈپٹی ڈائریکٹر بی آئی ایس پی سید ممتاز حسین شاہ ، اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر خواجہ ممتاز حسین،ڈی ایف او سردار اکرم،نائب تحصیلدار سیدکبیر حسین شاہ، پرنسپل بوائز ڈگری کالج انورخورشید، پرنسپل بوائزپائلٹ ہائی سکول آٹھ مقام ملک ظہور حسین،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت مشتاق گنائی، آفیسر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی محمد اختر ایوب سمیت انجمن تاجران، طلباء، اساتذہ ،صحافیوں سمیت ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

پائلٹ ہائی سکول آٹھ مقام کے نوجوان معلم سید اشفاق بخاری ، چیئرمین یونین کونسل نگدر/ نیلم نے انائونسمنٹ اور نعروں سے شرکاء تقریب / ریلی کوگرمایا۔