نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا قومی ترقی کے لئے ضروری ہے، فرخ خان

بدھ 5 فروری 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی فرخ خان نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں، عزم اور حوصلے کو بروئے کار لا کر ملک کی ترقی کے لئے کام کرسکتے ہیں ،فرخ خان نے ان خیالات کا اظہار سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عابد اقبال کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں اللہ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وہ ملک کو تیز رفتار ترقی و خوشحالی کی طرف لے جانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عابد اقبال نے کہا کہ جدید دور میں زندگی کے ہر شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ایک اہم ضرورت بن چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں مہارت کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ عصری تقاضوں بالخصوص ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود کو جدید علم اور ہنر سے آراستہ کریں۔