چینی مافیا کے خلاف ٹھوس بنیادوں پر کارروائی کی جائے،پاسبان

جمعہ 7 فروری 2025 20:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین اعظم منہاس نے چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی سے ہونے والے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو چینی کی برآمد کی اجازت اس شرط پر دی تھی کہ قیمتیں نہیں بڑھیں گی لیکن یہ شرط پوری نہیں ہوئی۔ حکومت شوگر ملز مالکان پر ایف آئی آر درج کرائے اور ان کے گوداموں سے چینی برآمد کر کے عوام کو ارزاں نرخ پر فراہم کرے۔

چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے فوری مکینزم بنایا جائے۔ چینی مافیا کے خلاف ٹھوس بنیادوں پر کاروائی کی جائے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کی مقرر کردہ شرائط کی خلاف ورزی کی ہے، حکومت فوری نوٹس لے۔

(جاری ہے)

گوداموں کی جانچ پڑتال کر کے غیر قانونی ذخیرہ کی گئی چینی ضبط کی جائے۔ شوگر مل مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزی نہ ہو۔

چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے مناسب نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ مہنگائی میں اضافہ اور عام آدمی کی حالت زار کو سدھارنے کے معاملے میں موجودہ حکومت اور سابقہ حکومتوں کا طرز عمل ایک جیسا ہی رہا ہے۔کرپشن سیاستدانوں سے لے کر سرکاری اہلکاروں اور سرکاری اداروں میں بری طرح سرایت کرچکی ہے۔ شریف برادران مسلسل مہنگائی میں کمی کا راگ الاپ رہے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں