آر پی او کی ڈی ایچ کیو میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی کانسٹیبل کی عیادت

جمعہ 7 فروری 2025 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2025ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے اٹک میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کانسٹیبل نصرت خان کی عیادت کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا۔ آرپی او نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر ز سے زخمی کانسٹیبل کی صحتیابی کے متعلق دریافت کیا اور بہترین علاج معالجہ کی ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقوعہ میں ملوث ملزمان کو جلد ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے گا۔ آر پی او نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے دوران اپنی قیمتی جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے افسران و اہلکار ہمار ا قیمتی سرمایہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریباً 10بجے نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان نے تھانہ حضر و کے علاقہ بہادر خان کے قریب گشت پر مامور پولیس کانسٹیبلان کے روکنے پر فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل قدیر خان شہید ہوگئے اور کانسٹیبل نصرت خان سر اور کندھے پر فائر لگنے سے شدید زخمی ہوئے جنہیں مزید علاج معالجہ کے لیے راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔