پاکستان شمسی توانائی کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، فیصل کریم کنڈی

ہفتہ 8 فروری 2025 23:24

پاکستان شمسی توانائی  کی طرف  تیزی سے بڑھ رہا ہے،  فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان شمسی توانائی کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو شمسی توانائی مہیا کرنے والی کمپنی ناکس کی طرف سے منعقدہ میگا مائنڈ 2025 ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں لوگ شمسی توانائی کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور پاکستان میں سستی بجلی مہیا کر رہا ہے، ہمارا صوبہ ملک میں تیل اور گیس بھی مہیا کرتا ہے جبکہ ہائیڈل بجلی بھی گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا ہی زیادہ مہیا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ناکس کمپنی شمسی توانائی بہتر کام کر رہی ہے اور ایسے ہی دوسری کمپنیز بھی مہنگی بجلی کی نسبت سستی بجلی مہیا کر کےعوام کو ریلیف دے سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں زرعی اور گھریلو ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جارہا ہے ، جس سے عوام سستی بجلی سے مستفید ہو رہے ہیں اور لوڈشیڈنگ سے بھی چھٹکارا حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شمسی بجلی مہیا کرنے والوں کو درپیش مسائل مل کر حل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی سولرائزیشن پالیسی کو آگے بڑھانا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں نے متعد بینکوں کو کہا ہے کہ وہ عوام کو سولر سسٹم لگانے کے لئے آسان قرضے مہیا کریں تاکہ لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری ہو سکیں اور انکی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ حکومت سولرائزیشن کے اس عمل میں سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کےلئے پرعزم ہے ۔ فیصل کریم کنڈی نے تقریب میں موجود چائینیز کمپنیزکے نمائندگان اور سرمایہ کاروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ تقریب سے گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں شمسی توانائی کو فروغ ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کمپنی کو اپنے صوبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے بہترین پرفارمنس پر ایوارڈ تقسیم کیے جبکہ کمپنی کی جانب سے گورنرز کو سوونیئر پیش کیا گیا۔