نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز اٹک میں ادا کر دی گئی

ہفتہ 8 فروری 2025 22:20

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2025ء) نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز اٹک میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور کثیر تعداد میں اٹک پولیس کے افسران و جوانان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اٹک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل کو سلامی پیش کی۔ آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک نے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ آر پی او راولپنڈی نے شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ڈی پی او اٹک نے شہید کانسٹیبل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا، شہید کے جسد خاکی کو انکے آبائی گاؤں تھٹہ تحصیل جنڈ روانہ کیا گیا جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ انکی تدفین کر دی گئی۔