مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون سے پاک چین اسٹریٹجک تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، چینی ناظم الامور شی یوآن چیانگ

اتوار 9 فروری 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2025ء) پاکستان میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور شی یوآن چیانگ نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون سے پاک چین اسٹریٹجک تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ چینی نئے سال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفارت خانے کے ناظم الامورنے کہا کہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اعلی معیار کے ساتھ آگے بڑھا ہے جس سے پاک چین تعلقات کی ٹھوس بنیاد رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2024 میں چین اور پاکستان کے درمیان اعلی سطح کے تبادلے باقاعدگی سے ہوئے، جن میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے کامیاب باہمی دورے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کی تعمیرسے یہ دوستی مسلسل گہری اور مستحکم ہو رہی ہے اور یہ تواتر سے''اپ گریڈڈ ورژن''کے بالکل نئے مرحلے میں تبدیل ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود چینی ہم وطنوں کی ایک بڑی تعداد متحرک اور کامیاب رہی ہے، زندگی کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کے لئے کوشاں ہیں، مختلف تعمیراتی سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر صدر پاکستان نے4 سے 8 فروری تک چین کا سرکاری دورہ کیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ 2015 میں صدر شی جن پنگ کے تاریخی دورہ پاکستان کی10 ویں سالگرہ کے موقع پر اور چینی عوام کی جانب سے موسم بہار کا تہوار منانے کے پرمسرت موقع پر کیا گیا ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون کے امکانات کی نشاندہی کرنے اور صدی کی گہری تبدیلیوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے یہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ نئے سال میں بھی ہم چینی قوم کی ترقی کو جامع طور پر آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، اعلی معیار کی ترقی اور اعلی سطح کے تبادلوں کو فروغ دیں گے اور14 ویں پانچ سالہ منصوبے میں طے کردہ اہداف اور کاموں کو مکمل طور پر پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ایک نئے نقطہ آغاز سے روشن مستقبل کی نوید ہے،دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط چین پاکستان دوستی کیلئے پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان معیشت اور تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور سمندر پار چینی برادریوں کی ترقی کے وارث بنیں گے اور پاکستان میں چینی ہم وطنوں کی ہم آہنگی اور مرکزی قوت میں مسلسل اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم کا سب سے قدیم، بھرپور اور وسیع پیمانے پر بااثر روایتی تہوار چینی نیا سال چینی عوام کے لیے پرانے کو الوداع کہنے اور نئے کو خوش آمدید کہنے، اہل خانہ سے ملنے اور خوشیاں بانٹنے کا ایک اہم لمحہ ہے۔

انہوں نے سمندر پار چینیوں، چینی کاروباری اداروں کے ملازمین اور پاکستان میں موجود چینی طلبا کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نئے سال میں سب کی خوش قسمتی، اچھی صحت، خاندانی خوشی اور تمام کوششوں میں کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔