زرعی یونیورسٹی پشاورایگریکلچرل پبلک سکول اینڈ کالج فار گرلز میں اینول سپورٹس ڈے کا انعقاد

پیر 10 فروری 2025 23:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور کی ایگریکلچرل یونیورسٹی پبلک سکول اینڈ کالج فار گرلز نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ روز سکول میں سالانہ سپورٹس ڈے کا انعقاد کیا جس کا مقصد سکول کی طالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول رکھنا تھا، ان کے درمیان جسمانی فٹنس، صحت مند مسابقت ، ثابت قدمی، لچک اور کھیل کی اقدار کو فروغ دینا تھا جو نوجوان ذہنوں کی مجموعی ترقی کے لئے ضروری ہے۔

کھیل مقابلوں میں عائشہ ہاؤس، فاطمہ ہاؤس، خدیجہ ہاؤس اور زینب ہاؤس کی ٹیموں نے حصہ لیا جن میں خدیجہ ہاؤس کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے بطور مہمان خصوصی سپورٹس ڈے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سکولز و کالجز کنوینئر ڈاکٹر بشیر احمد، گیسٹ آف آنر سابق ایم پی اے شگفتہ ملک، پرنسپل سکول وکالج (گرلز) زاہدہ سلطانہ، پرنسپل (بوائز) ڈاکٹر کفایت اللہ مروت سمیت اساتذہ کرام، طالبات اور والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے کھیلوں کا افتتاح کرتے ہوئے سالانہ سپورٹس ڈے کے انعقاد پر کنوینئر سکولز ڈاکٹر بشیر احمد، پرنسپل ڈاکٹر زاہدہ سلطانہ، سپورٹس انچارج سارہ خان و دیگر منتظمین کی تعریف کی اور کہا کھیل ہمارے لئے کلاس رومز کی طرح ضروری ہے کیونکہ بہترین مطالعہ کے لئے صحت مند دماغ کا ہونا لازمی ہے،جس کے لئے کھیل کود میں حصہ لینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں، ہمارے طلباء اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور ان میں خود اعتمادی و انسانی اقدار کا جذبہ پیدا ہو،کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے سے ذہنی صلاحیتیں جلا پاتی ہیں،کھیلوں میں خواتین کی دلچسپی خوش آئند ہے،موجودہ دور میں کھیلوں کو بھی بطور کیرئیر اپنایا جا رہا ہے،آج کل پاکستان سمیت دنیا بھر میں کھیلوں کی جانب خواتین کے مثبت رحجان میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سابق ممبر صوبائی اسمبلی و ممبر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور وائس پریذیڈنٹ خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن شگفتہ ملک نے کہا کہ خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا بہت ضروری ہےتاکہ وہ ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند رہ سکیں، ہماری خواتین میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، دنیا بھر میں خواتین کھیل کو بہت ترجیح دی جاتی ہے، اب پاکستان میں بھی اس طرف رجحان بڑھ رہا ہے۔

پرنسپل زاہدہ سلطانہ نے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت، گیسٹ آف آنر شگفتہ ملک اور دیگر شرکاء و مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔سکولز و کالجز کنوینئر ڈاکٹر بشیر احمد نے وائس چانسلر سمیت تمام مہمانوں، اساتذہ کرام، انتظامیہ اور طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سکولز و کالجز کی کارکردگی پیش کی اور کہا کہ بورڈ امتحانات میں گرلز سکول و کالج نمایاں پوزیشنز لیں رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ امتحانات میں ہم ان پوزیشنوں سے بھی اوپر جائیں۔وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت، کنوینئر ڈاکٹر بشیر احمد، پرنسپل زاہدہ سلطانہ اور شرکاء نے سپورٹس انچارج سارہ خان کی کاوشوں اور کھیلوں کے ساتھ لگن کو سراہا۔وائس چانسلر پروفیسر جہان بخت نے کنوینئر ڈاکٹر بشیر احمد اور شگفتہ ملک کے ہمراہ اول پوزیشن لینے والی ٹیم خدیجہ ہاؤس کی کپتان کو ٹرافی دی۔