پنجاب پولیس ملک دشمن عناصر اور سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کی گرفتاری کیلئے پرعزم ہے،آئی جی پنجاب

منگل 11 فروری 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2025ء) پنجاب پولیس ملک دشمن عناصر اور سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے پرعزم ہے جس کے تسلسل میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریڈ اور بلیک بک میں شامل 70اشتہاریوں کی ہیڈ منی کی سفارشات محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوا دی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی کے ہیڈ منی کے 30ریڈ بک جبکہ پنجاب پولیس کے 40اشتہاری مجرم بلیک بک میں شامل ہیں۔

سفارشات کی منظوری پر محکمہ داخلہ اشتہاریوں کے سروں کی قیمت کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کرے گا۔70اشتہاری مجرمان کے سروں کی قیمت مجموعی طور پر 16کروڑ 52لاکھ روپے مقرر جبکہ ریڈ بک میں شامل اشتہاری مجرمان کی مجموعی ہیڈ منی 10کروڑ 50لاکھ روپے اور بلیک بک میں شامل اشتہاری مجرمان کی مجموعی ہیڈ منی 06کروڑ 2لاکھ روپے مقررکی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اشتہاری مجرمان پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو دہشتگردی، قتل، اقدام قتل، زیادتی اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب ہیں۔

اشتہاری مجرم عبید الرحمان کے سر کی قیمت 1کروڑ 40لاکھ روپے، موسی کے سر کی قیمت 1 کروڑ 20لاکھ اور یعقوب کے سر کی قیمت 90لاکھ روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔عمران ستار، مسعود اظہر، منیر حسین کے سروں کی قیمت 70لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے ،عبدالرحمن مرزا، سمیع اللہ اور امین کے سروں کی قیمت 60لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ محمد افضل، محمد صفدر عرف ماما، حافظ سلیمان اور رضوان علی کے سروں کی قیمت 40لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے کی سفارش کی گئی اسی طرح بابا منصور، عابد، اکرم عرف ٹیپو، عبدالجبار عرف چھوٹا انجینئر، محمد اعظم اور محمد اعجاز عرف اعجاز علاقی کے سروں کی قیمت 25 لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔

عبدالماجد رشید، تنویر حسین، عمران زیدی، امجد عباس، بنیاد حسین، تنویر احمد اورعنایت اللہ شاہ کے سروں کی قیمت 25 لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور مزید کہا کہ پولیس چوکیوں پر تعینات جانباز خوارجی دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے آگے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔