وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں کو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا،صوبائی وزیر بلال اکبر

بدھ 12 فروری 2025 19:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2025ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و بلدیات بلال اکبر نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں ایسے فلاحی منصوبے شروع کئے گئے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،”دھی رانی پروگرام “کے تحت پنجاب کے مزدوروں کی بچیوں اور بچوں کے گھروں کو بسایا جارہا ہے،تجاوزات کے خلاف بلاتفریق آپریشن،ستھرا پنجاب،کسان کارڈ اور رمضان پیکیج جیسے منصوبوں سے پنجاب کے عوام خوشحال ہوں گے، مریم نواز شریف جس حکمت عملی کے تحت پنجاب کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہی ہیں پورے ملک میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے بدھ کو راولپنڈی میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “دھی رانی پروگرام “ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں صوبائی وزیر سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ،اراکین قومی اسمبلی ملک ابرار احمد،انجینئر قمر السلام راجہ،طاہرہ اورنگزیب ،سابق رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص ،اراکین پنجاب اسمبلی ملک افتخار احمد،چوہدری نعیم اعجاز،راجہ حنیف،ضیاء اللہ شاہ،ملک منصور افسر،راجہ صغیر احمد ،تحسین فواد ،شازیہ رضوان کے علاوہ کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ،پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں 36 نوبیہاتے جوڑوں میں ایک ایک لاکھ روپے سلامی اور جہیز تقسیم کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شوکت سہیل بٹ نے کہا کہ ریاست مدینہ کا صرف نعرہ لگانے والے آج دیکھ لیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عملی کام کر کے ریاست مدینہ بنا رہی ہیں اور غریب کے بیٹوں و بیٹیوں کی شادیاں کرانا ہے سب سے بڑا کام ہے جو اس سے پہلے کبھی کسی نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام ایک ایسا منصوبہ جس کے ذریعے آج بیٹیوں کے والدین نے جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہوا ہے اور آج راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع سے آنے والے جوڑوں کے لئے پروقار تقریب منعقد کی گئی جو کہ ریاست کی ذمہ داری ہے اور جو ریاست عوامی فلاح بہبود کے منصوبے مکمل کرتی ہے وہی کامیابی کی طرف گامزن ہوتی ہے۔