محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی :فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسزمیں سالانہ و ایلومینائی ری یونین تقریب کا انعقاد

جمعہ 14 فروری 2025 19:41

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2025ء) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کی فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز کے زیر اہتمام سالانہ اور ایلومینائی ری یونین تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یہاں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ، پنجاب فوڈ اتھارٹی ملتان کے ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر شیخ سعید اور فوڈ انڈسٹری کے ممتاز نمائندوں کے علاوہ دو سو سے زائد طلباء و طالبات اور متعدد نامور سابق طلباء نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ تعلیم اور صنعت کے درمیان رشتہ مستحکم کرنے کے لیے ایسی تقریبات نہایت اہم ہیں،ہمارے سابقہ طلبا ء کی کامیابیاں نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر شیخ سعید نے فوڈ سیفٹی اور جدید تحقیقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کی خوراک کی سلامتی کو یقینی بنانے میں ہماری فیکلٹی کا کردار کلیدی ہے ۔

تقریب میں طلباء نے فوڈ ٹیکنالوجی، نیوٹریشن اور گھریلو معاشیات کے شعبوں سے متعلق تحقیقی پراجیکٹس اور تخلیقی خاکوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔سابق طلباء نے نئی نسل کو کیرئیر پلاننگ، صنعتی چیلنجزاور جدت طرازی کے گر سکھائے۔تقریب کے اختتام پر فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب نہ صرف ہمارے موجودہ اور ایلومینائی طلباء کے درمیان ربط کو مضبوط کرتی بلکہ طلباء کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرتی ہے، آج کی تقریب نے ثابت کیا کہ ہمارے نوجوان قومی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم ایلومینائی طلباء کے تجربات کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے ایسی تقریبات کو مزید وسعت دیں گے۔

تقریب کی کامیابی پر چیئرمین فوڈ سائنس ڈاکٹر شہباز نے کہا کہ طلباء کی دلچسپی اور ایلومینائی کی شرکت نے ہمیں آئندہ بھی ایسے پروگرامز منظم کرنے کی ترغیب دی ہے،یہ تقریب نہ صرف علم و ہنر کے تبادلے کا پلیٹ فارم تھی بلکہ اس سے جامعہ کے روشن مستقبل کی بنیادیں بھی مزید مضبوط ہوں گی۔