پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر یونیورسٹی فٹبال چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کاانعقاد

جمعہ 14 فروری 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2025ء) پنجاب یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کے تعاون سے آل پاکستان ایچ ای سی ویمن انٹر ورسٹی فٹبال چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد نیوکیمپس سپورٹس گرائونڈ میں کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید میمن، ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور، پنجاب یونیورسٹی اکیدمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب خزانہ دارعامر مسعود چشتی، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آل پاکستان انٹرورسٹی ویمن چیمپئن شپ کے فائنل میں پنجاب یونیورسٹی ویمن فٹ بال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایک گول کے مقابلے میں چاندی جبکہ جیتنے والی ٹیم نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ اپنے خطاب میں ڈائریکٹر ایچ ای سی جاوید میمن نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرمحمد شبیر سرور کی زیر نگرانی پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے کھیلوں کے تمام مقابلوں کو بہترین انداز میں منظم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستانی جامعات میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ڈاکٹر محمد شبیر سرور نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور ڈی جی سپورٹس جاوید میمن کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے جیتنے والی ٹیموں کومبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی کی سرپرستی میں پنجاب یونیورسٹی کاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ طلباء میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کی جامعات نے بھر پور شرکت کی اور انتظامات کو سراہا۔