پاکستان قونصلیٹ دبئی کی کرکٹ ٹیم ناقابل شکست

فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ڈپلومیٹک کپ 2025 جیت لیا

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعہ 14 فروری 2025 19:00

پاکستان قونصلیٹ دبئی کی کرکٹ ٹیم ناقابل شکست
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 فروری2025ء) دبئی میں پاکستان کے قونصل خانے کی کرکٹ ٹیم نے نویں ڈپلومیٹک کپ (کرکٹ چیمپئن شپ 2025) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا ۔ یہ ٹورنامنٹ 7 سے 9 فروری 2025 تک شارجہ کے اسکائی لائن یونیورسٹی کالج کے کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جس میں آٹھ سفارتی مشنز کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، برطانیہ اور امریکہ شامل تھے۔

فائنل میچ میں پاکستان نے 15 اوورز کے مقابلے میں 113 رنز کا ہدف محض 12 اوورز میں حاصل کر لیا اور شاندار فتح سمیٹی ۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان، ڈپٹی قونصل جنرل اور ہیڈ آف چانسری، جناب رحیم اللہ خان نے اس کامیابی کو ٹیم کے  تمام کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ قرار دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیم کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند سرگرمی ہے بلکہ یہ ٹیم ورک اور یکجہتی کو فروغ دیتا ہے ۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سیمی فائنل میں امریکہ کو شکست  دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ بنگلہ دیش نے برطانیہ کی ٹیم کو ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کی ۔ پاکستان کے قونصل جنرل ، حسین محمد نے ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں صحت مند معاشرے کے  فروغ اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ایونٹس سفارتی  مشنز کے درمیان باہمی ہم آہنگی  اور تعاون کو بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں ۔