حکومت گلگت بلتستان عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے ، ایمان شاہ

پیر 17 فروری 2025 17:09

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2025ء) حکومت گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، ایمان شاہ نےکہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے اور آئندہ بھی ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔سیاحت کے فروغ کے لئے بھی خصوصی منصوبے ترتیب دیے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے وفاق کو مراسلے ارسال کئے ہیں۔

گلگت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے قومی میڈیا کے سامنے مخلوط حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور مختلف شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کے حل کے لئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں، جن میں نلتر 16 میگاواٹ، نومل بٹوٹ اور کارگاہ کے توانائی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ چپرسن اور بگروٹ کے منصوبے آئندہ دو ماہ میں مکمل ہوں گے جس سے بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔

ایمان شاہ نے کہا کہ حکومت نے لینڈ ریفارمز ایکٹ کابینہ سے منظور کرا لیا ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس معاملے پر صرف زبانی دعوے کئے جاتے رہے لیکن موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو ان کے حقوق مل سکیں۔معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت نے معدنیات کے شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کراتے ہوئے آن لائن سسٹم نافذ کر دیا ہے جس سے نہ صرف شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے بلکہ صوبائی ریونیو میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹے کی بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے کے لئے ڈیجیٹلائزڈ نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے عوام کو بنیادی ضروریات کی شفاف اور بروقت فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔سرکاری گاڑیوں کے بے دریغ استعمال کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور شفافیت کے فروغ کے لئے 90 فیصد سپیشل بجلی لائنیں ختم کر دی گئی ہیں۔ اس مہم کا آغاز وزیر اعلیٰ ہاؤس سے کیا گیا تاکہ عوام کو یہ پیغام ملے کہ حکومت خود احتسابی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

ایمان شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں، جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی کلیدی کردار رہا ہے۔گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی منصوبے ترتیب دیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دیامر بھاشا ڈیم کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت اس منصوبے کی جلد تکمیل چاہتی ہے تاکہ ملک کو بجلی بحران سے نکالا جا سکے اور زرعی شعبے کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔