سندھ زرعی یونیورسٹی کی 12 طالبات کو برٹش کونسل پاکستان کے تحت سکاٹش سکالرشپ برائے خواتین سے نوازا گیا

پیر 17 فروری 2025 17:44

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی 12 طالبات کو برٹش کونسل پاکستان کے تحت سکاٹش سکالرشپ برائے خواتین برائے تعلیمی سال 2024-25 سے نوازا گیا۔اس ضمن میں یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں ایک سکالرشپ تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے طالبات میں سکالرشپ چیکس تقسیم کیے۔

اس موقع پر رجسٹرار غلام محی الدین قریشی اور ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے تحقیق، محنت اور علمی مہارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طالبات کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں سرگرمی سے حصہ لینے کی ترغیب دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو خواتین کو سرکاری اور نجی شعبوں میں بہتر مواقع فراہم کر سکتی ہے۔

ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر نے سٹوڈنٹ فنانشل ایڈ آفس کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ادارہ نہ صرف اسکالرشپ فراہم کرتا ہے بلکہ آگاہی سیشنز اور طلبہ کی معاونت کے لیے بھی متحرک ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات اور سپانسرز سے مستحق طلبہ کے لیے تعاون کرنے کی اپیل بھی کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس، سید نعمان علی شاہ نے اسکالرشپ کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یوایس ایڈ کے ہائیر ایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹیویٹی (ھیسا) کے تحت تربیت کے بعد طلبہ کے لیے ای-سروسز متعارف کرائی گئی ہیں۔تقریب میں ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس علی اصغر بھٹی، پبلک ریلیشنز آفیسر گل شرپ لوچی سمیت دیگر یونیورسٹی افسران بھی شریک تھے۔