Live Updates

حکومت کس کو بے وقوف بنا رہی ہے، کون سی معیشت چل رہی ہے؟

موجودہ رجیم کے بعد 2 لاکھ سرمایہ دار، 20 لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر جاچکے، 29 ارب ڈالر ملک سے گیا، ادھر ڈیڑھ ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کے سامنے کشکول اٹھایا ہوا ہے، عمر ایوب خان کا انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 18 فروری 2025 00:17

حکومت کس کو بے وقوف بنا رہی ہے، کون سی معیشت چل رہی ہے؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری2025ء) عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ حکومت کس کو بے وقوف بنا رہی ہے، کون سی معیشت چل رہی ہے؟ موجودہ رجیم کے بعد 2 لاکھ سرمایہ دار، 20 لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر جاچکے، 29 ارب ڈالر ملک سے گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہ ہونے سے سرمایہ کاری زیرو ہے، حکومت کس کو بے وقوف بنا رہی ہے، کون سی معیشت چل رہی ہے؟ حکومت کا جو شخص کہتا ہے کہ مہنگائی کم ہوئی ہے، وہ بازاروں میں ساتھ چلے۔

جو کہتا ہے پاکستان میں مہنگائی کم ہو گئی ہے میرا اسے کھلا چیلنج ہے آؤ میڈیا ٹیم کے ساتھ آر اے بازار یا پشاور چلتے ہیں مہنگائی کے جھوٹے دعوے کا پول کھل جائے گا یہ صفحہ ہستی کے سب سے جھوٹے لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

ن لیگ کی 17 سیٹیں تھیں ہمارا مینڈیٹ چرا کر جن کو حکومت دی گئی اس رجیم کے بعد دو لاکھ سرمایہ دار اور بیس لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر جاچکے، اگر 40 لاکھ فی کس بھی لگائیں تو 29 ارب ڈالر ملک سے گیا، ادھر ڈیڑھ ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کے سامنے کشکول اٹھایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں سماعت عجیب طریقے سے ملتوی کی گئی، بانی پی ٹی آئی تک رسائی روک دی گئی ہے۔ آج افسوس ہوا کہ عمران خان اور بشری بی بی سے ایک بار پھر رابطہ منقطع کردیا گیا پچھلی بار جب ایسا ہوا تو ان سے جیل سہولیات جو ان کا حق ہے وہ بھی ان سے چھین لی گئیں تھیں، ہم ان کو تکالیف پہنچانے کی ان حرکتوں کی مزمت کرتے ہیں، عدلیہ کو اس پر سٹینڈ لینا چاہیے۔ عمران خان، بشری بی بی ،اعجاز چوہدری، محمود الرشید ،ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر چیمہ،حسان نیازی دیگر ہمارے ورکرز جو سیاسی قیدی ہیں ان سے جیلیں بھری ہوئی ہیں جبکہ ملک میں سرمایہ کاری بند فیکٹریاں بند زراعت تباہ اوپر سے کہتے معیشت چل رہی ہے، کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں؟۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات