Live Updates

عمران خان کے خط پر آرمی چیف کا جواب ان کی جانبداری ظاہر کرتا ہے‘ اعتزازاحسن

منگل 18 فروری 2025 18:43

عمران خان کے خط پر آرمی چیف کا جواب ان کی جانبداری ظاہر کرتا ہے‘ اعتزازاحسن
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2025ء) سینئر سیاستدان و قانون دان چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خط سے متعلق چیف آف آرمی اسٹاف کاجواب ان کی جانبداری کو ظاہر کرتا ہے ،خط لکھنے سے کچھ نہیں ہوتا لیکن اس معاملے پر دئیے گئے جواب سے آرمی چیف نے اپنی جانبداری ظاہر کردی ہے، آرمی چیف کا یہ کہنا کہ خط نہیں ملا اگر ملے گا تو بھی اس کو نہیں پڑھوں گا جیسے جملے ادا کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی یہ بات آئین کے عین مطابق ہے کہ وہ خط ملنے پر اس کووزیراعظم کو بھجوادیں گے۔خط وزیر اعظم پڑھیں اور آرمی چیف بھی پڑھیں کیوں کہ بھیجا انہیں گیا ہے،خط میں بیان کی گئی باتوں یا مطالبات پر فیصلہ وزیر اعظم کریں۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے ملک میں فیصلے وزیر اعظم نہیں کر رہے ،منتخب لوگ نہیں کر رہے۔

انہوںنے کہا کہ اگر وکلا تحریک ایک دفعہ چل پڑی تو وہ حکومت پر ایک زوردار تھپڑ ہوگا،حکومت کو بہت سے قوانین پر سخت مزاحمت ہوگی۔اعتزاز احسن نے کہا کہ حامد خان وکلا تحریک چلانے کے لیے بہتر چوائس نہیں ہیں ،ان کی جگہ منیر ملک بہتر رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے پارکنسن کی بیماری ہے اور میرے ڈاکٹر نے مجھے کسی جلوس یا مجمع میں جانے سے منع کیا ہے اس لیے میں کسی تحریک میں شامل نہیں ہو سکتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات