وائس چانسلرشپ کے اختیارات گورنر سے لے کر وزیراعلیٰ کو دیے جانے کے خلاف درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے حکومت سے جواب مانگ لیا

بدھ 19 فروری 2025 22:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) کے پی میں جامعات کی وائس چانسلرشپ کے اختیارات گورنر سے لے کر وزیراعلیٰ کو دیے جانے کے خلاف درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے حکومت سے جواب مانگ لیا۔ پشاور ہائی کورٹ میں صوبے کی جامعات کے چانسلر کے اختیارات وزیراعلیٰ کو دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد نے کی۔

عدالت نے درخواست پر صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار لاجبر خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ صوبے کی یونیورسٹیز کے چانسلر کے اختیارات گورنر سے لے کر وزیراعلی کو دے دیے ہیں۔ صوبائی اسمبلی نے یونیورسٹیز ایکٹ میں ترمیم کرکے اختیارات وزیراعلی کو دیے ہیں، یہ قانون سازی غیرآئینی طور پر لائی گئی ہے، یہ قانون سازی منی بل کے ذریعے کی گئی ہے۔وکیل کے مطابق گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے اس کا کام یونیورسٹیز کو غیر سیاسی رکھنا ہے، وزیراعلیٰ کو اختیارات دینے سے یونیورسٹیز کے معاملات سیاست کی نذر ہوجائیں گے، یہ ترامیم غیرقانونی ہیں عدالت انہیں کالعدم قرار دے۔