نمل یونیورسٹی میں انٹرنیشنل فرینچ ٹیچرز ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

بدھ 19 فروری 2025 22:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کے شعبہ فرانسیسی زبان نے انٹرنیشنل فرینچ ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولا گیلی(Nicolas Galey) نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی جبکہ رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹوئنسکو (Dan Stoenescu) اور نمل کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے قبل فرانسیسی اور رومانیہ کے سفراء نکولا گیلی اور ڈین اسٹوئنسکو نے ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی ہلال امتیاز (ملٹری) سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں تعلیمی تعاون کے فروغ، ثقافتی تبادلوں اور تعلیمی معیار کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا،بعد ازاں دونوں سفراء نے ریکٹر اور ڈائریکٹر جنرل نمل کے ہمراہ انٹرنیشنل فرینچ ٹیچرز ڈے کی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز ڈین فیکلٹی آف لینگویجز ڈاکٹر جمیل اصغر جامی کے استقبالیہ خطاب سے ہوا جس کے بعد ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے شرکا سے خطاب کیا۔ریکٹر نے فرانسیسی زبان کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی تدریسی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی زبان جو دنیا بھر کے تقریبا 32 کروڑ 10 لاکھ افراد بولتے ہیں، اساتذہ کی محنت اور لگن کی بدولت زندہ و تابندہ ہے۔

انہوں نے اساتذہ کو زبان، ثقافت اور روایات کا سفیر قرار دیا جو تعلیمی مساوات اور شمولیت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ریکٹر نمل نے کہا کہ تدریس محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مشن اور جذبہ ہے۔ انہوں نے تدریس میں جدید طریقۂ کار کے استعمال کو سراہتے ہوئے اسے تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ نئی نسل کی رہنمائی کرتے ہیں اور انہیں تنوع، یکجہتی اور امن کے اصولوں پر تربیت دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح کھلاڑی اپنی فیلڈ میں مہارت حاصل کرتے ہیں اسی طرح زبانوں کے اساتذہ لسانی و ثقافتی مہارت کے چیمپئن ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ فرانسیسی زبان کو صرف ایک ذریعہ ابلاغ نہ سمجھیں بلکہ اسے ذاتی اور تعلیمی کامیابی کی علامت کے طور پر اپنائیں۔فرانسیسی سفیر نکولا گیلی نے خطاب کرتے ہوئے نمل کی غیر ملکی زبانوں کے فروغ کے لئے کاوشوں کو سراہا اور فرانسیسی زبان کی تعلیم کے لئے یونیورسٹی کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے فرانسیسی زبان کے اساتذہ اور اس تقریب کے منتظمین کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ نمل کا کردار غیر ملکی زبانوں کی تعلیم میں نہایت اہم ہے اور فرانسیسی زبان سیکھنے سے طلبہ کے لئے عالمی مواقع اور ذاتی ترقی کے دروازے کھلتے ہیں۔ انہوں نے ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں پاک-فرانس تعلقات کے فروغ میں معاون قرار دیا۔تقریب کے دوران فرانسیسی زبان کے ان طلبہ کو اسناد دی گئیں جنہوں نے کامیابی سے اپنے DELF امتحانات پاس کئے۔ علاوہ ازیں فرانسیسی اور رومانیہ کے سفراء کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر ایک فرانسیسی فلم دکھائی گئی جسے طلبہ، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے بھرپور انداز میں سراہا۔