فخر زمان بیٹنگ کیلئے کیوں نہیں آئے؟

آئی سی سی کے نئے قوانین کے باعث پاکستانی اوپنر نہ ہی اننگ کے آغاز پر نہ ہی نمبر 3 پر بیٹنگ کیلئے آ سکے

muhammad ali محمد علی بدھ 19 فروری 2025 19:16

فخر زمان بیٹنگ کیلئے کیوں نہیں آئے؟
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 فروری 2025ء ) فخر زمان بیٹنگ کیلئے کیوں نہیں آئے؟ ۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے نئے قوانین کے باعث پاکستانی اوپنر فخر زمان نہ ہی اننگ کے آغاز پر نہ ہی نمبر 3 پر بیٹنگ کیلئے آ سکے۔ نیوزی لینڈ کی اننگ کے دوران انجری کے خدشے کے باعث فخر زمان کو میدان سے باہر جانا پڑا تھا، تاہم آئی سی سی کے نئے قوانین کے تحت وہ مقررہ وقت سے قبل میدان میں واپس نہ آ سکے۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق فخر زمان پاکستان کی اننگ کے آغاز کے 20 منٹ بعد بیٹنگ کیلئے میدان میں آ سکتے تھے، اسی لیے ان کی جگہ سعود شکیل کو اوپننگ کیلئے بھیجا گیا، تاہم سعود بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ سعود شکیل کے آوٹ ہونے کے باوجود فخر زمان کو بیٹنگ کیلئے میدان میں آنے کیلئے مزید 3 منٹ کا انتظار درکار تھا، اسی باعث محمد رضوان نمبر 3 پر بلے بازی کیلئے میدان میں آ گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان میں 29 سال بعد کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سج گیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اسپنر ابرار احمد نے دلائی اور 39 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنانے والے ڈیون کونوے کو کلین بولڈ کردیا، اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف ایک رن پر وکٹوں کے پیچھے کپتان رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکے پویلین بھیج دیا۔

ڈیرل مچل 10 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ دریں اثنا، پاکستانی بلے باز فخر زمان میچ کی ابتدا میں ہی فیلڈنگ کے دوران گر کر انجری کا شکار ہوگئے۔ فخر زمان فیلڈنگ کے دوران پٹھوں میں کھنچاؤ کا شکار ہوئے، پاکستانی اوپنر کچھ دیر بعد فیلڈ پر آئے لیکن پھر واپس چلے گئے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے پٹھوں میں کھنچاؤ کی جانچ کی جا رہی ہے، تاہم کچھ دیر آرام کے بعد فخرزمان ایک بار پھر سے فیلڈنگ کے لیے میدان میں اترگئے۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حارث رؤف کو فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیپمئن ہیں، تھوڑا دباؤ ہوگا، شام کو اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جب کہ سہ فریقی سیریز والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے، کوشش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کو کم اسکور پر آؤٹ کریں۔ دوسری جانب کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ٹیم کے کمبی نیشن سے مکمل مطمئن ہوں،بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔