زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں لائلپور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کے چوتھے روز ایگری میڈیا فیسٹ، ریڈیو بز اور دیگر مقابلہ جات

جمعہ 21 فروری 2025 20:11

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2025ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں لائلپور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کے چوتھے روز ایگری میڈیا فیسٹ، ریڈیو بز اور دیگر مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ مقامی افراد کی بڑی تعداد ادب و فن کے رنگوں کا لطف اٹھانے کے لئے یونیورسٹی کا رخ کیا۔ شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ ادب اذہان کے دریچے کھولنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور معاشرتی و معاشی الجھاؤ میں گھرے ہوئے افراد کو روشن زاویہ نظر مہیا کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ذہن و قلوب کو جہد اور امید کی بہار سے خوبصورت کرنا ہو گا۔ فیسٹیول کے تحت ہونے والے قصہ، وژیول اینڈ پرفارمنگ آرٹ کے مقابلہ جات کے نتائج کے مطابق خطاطی کے مقابلے میں پنجاب کالج آف لاء کی معیزہ نور نے پہلی اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی کومل اجمل نے دوسری پوزیشن، پینٹنگ کے مقابلے میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی رابیل فاطمہ نے پہلی جبکہ سیدہ عمامہ نے دوسری پوزیشن، ڈرائنگ کے مقابلے میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی اریبہ منظور نے پہلی اور اسوہ طاہر نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

پرفارمنگ آرٹ مقابلوں میں بہترین اداکار کا ایوارڈ فاسٹ چنیوٹ جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ نوازشریف ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان جبکہ بہترین پروڈیکشن، ڈائریکشن اور تھیٹر کا ایوارڈ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے حاصل کیا۔ اس موقع پر سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر محمد رافع مزمل اور محمد آصف نے بھی خطاب کیا۔