ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے قیام کی تقریب کا انعقاد

ہفتہ 22 فروری 2025 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2025ء) ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں اساتذہ کی جنرل باڈی کی میٹنگ میں موجوف اراکین کی منظوری سے اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے قیام کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں موجود تمام اساتذہ نے اے ایس اے کے قیام کو اساتذہ کا بنیادی جمہوری حق اور وقت کی اہم ضرورت سمجھتے ہوئے اسے مستقبل میں اساتذہ کی بہبود اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

اس پروقار تقریب میں فپواسا پاکستان کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر احتشام علی نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اے ایس اے یونیورسٹی اساتذہ کا ایک ایسا آئینی فورم ہے جو اساتذہ کے جائز حقوق کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے پنجاب کی یونیورسٹیز میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشنز کے فعال کردار اور اساتذہ کی جائز اور بنیادی مراعات کے لیے کی جانے والی مختلف کاوشوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اساتذہ تنظیم کے نمائندے اپنی یونیورسٹیز میں اساتذہ کے لیے مختلف الاونسز کے حصول اور ان کے جائز حقوق کے راستے میں آنے والی مشکلات کے لیے بے لوث کاوشیں کرتے ہیں، جس سے تعلیمی ادارے بہتری اور ترقی کی جانب گامزن ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فپواسا پاکستان اور فپواسا پنجاب کے پلیٹ فارم سے ان اجتماعی مطالبات کے لیے جدوجہد کی جاتی ہے، جن کے حصول کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے دروازوں پر دستک دینی پڑتی ہے اور بعض اوقات احتجاج کا راستہ بھی اختیار کرنا پڑتا ہے۔ اس موقع پر ہوم اکنامکس یونیورسٹی اے ایس اے کے عبوری پینل کا اعلان کیا گیا۔ جس میں سربراہ ویزویل کمیونیکشن ڈیپارٹمنٹ عائشہ بلال صدر، ڈاکٹر عائشہ خالد سربراہ ہیومن ڈیولپمنٹ اور ڈاکٹر عباس پبلک ہیلتھ اور نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ نائب صدور اور ڈاکٹر عائشہ سرفراز سربراہ سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ جنرل سیکرٹری اور ڈاکٹر آئزہ جوائنٹ سیکریٹری، سربراہ انگلش ڈیپارٹمنٹ مشعل فنانس سیکریٹری اور سربراہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ پون مسعود انفارمیشن سیکریٹری نے ایگزیکٹو ممبران کے ساتھ اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

ممبران نے متفقہ طور پہ آسا کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور اسے انتظامیہ اور اساتذہ کے درمیان ایک مستقل رابطے کے لیے ناگزیر قرار دیا کیونکہ اختیارات کی طاقت کا ارتکاز کسی بھی ادارے کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، ادارے ہمیشہ باہمی مشاورت اور کوششوں سے ہی ترقی کرتے ہیں۔ عبوری پینل نے حلف اٹھانے کے بعد اساتذہ کی منظوری سے اپنے پہلے اجلاس کے لیے ایجنڈا بھی طے کیا۔ اور پہلے باقاعدہ اجلاس کی متوقع تاریخ کا اعلان بھی کیا۔