مصباح الحق کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس جدہ میں ایک خصوصی عشائیہ کا اہتمام

عشائیہ میں قونصلیٹ کے افسران اور بڑی تعداد میں کیمونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیات نے شرکت کی

muhammad ali محمد علی پیر 24 فروری 2025 17:59

مصباح الحق کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس جدہ میں ایک خصوصی عشائیہ کا ..
جدہ (رپورٹ حسن بٹ ، اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری2025ء) قونصل جنرل جدہ خالد مجید پاکستان کی جانب سے سابق کپتان اور بین الاقوامی کرکٹ کے عظیم کھلاڑی مصباح الحق کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس جدہ میں ایک خصوصی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس قونصلیٹ کے افسران اور بڑی تعداد میں کیمونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الحق نے اپنے کرکٹ کیرئیر کے دلچسپ واقعات اور تجربات شیئر کیے۔

انہوں نے پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کے بارے میں بھی روشنی ڈالی، جو دل میں پیدائشی طور پر سوراخ (Congenital Heart Defects) والے بچوں کے علاج کے لیے کام کرتی ہے۔ مصباح الحق نے اس فاؤنڈیشن کے ذریعے معاشرے کی خدمت کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں مصباح الحق کو پاکستانی کرکٹ کا ایک عظیم ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور وہ نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔

انہوں نے مصباح الحق کو فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر جدہ کی پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز اراکین، کھیلوں کے شوقین افراد اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ شرکاء نے مصباح الحق کے فلاحی منصوبوں اور ان کی انسان دوست خدمات پر گہری تحسین کا اظہار کیا۔