سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں پاکستانی ثقافت اور روایتی کھانوں کو فروغ دینے کے لیے "اصلی گوجرانوالہ" ریسٹورنٹ کا افتتاح

muhammad ali محمد علی بدھ 26 فروری 2025 19:20

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں پاکستانی ثقافت اور روایتی کھانوں ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 فروری2025ء) سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں پاکستانی ثقافت اور روایتی کھانوں کو فروغ دینے کے لیے "اصلی گوجرانوالہ" ریسٹورنٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی سابق وفاقی وزیر محترمہ زرتاج گل وزیر تھیں، جنہوں نے ربن کاٹ کر ریسٹورنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ زرتاج گل وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو اپنی محنت سے نہ صرف خود کو بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مکہ مکرمہ میں میرے ہاتھوں سے اس ہوٹل کا افتتاح ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں کے ذائقے اور پکوان وطن سے دور رہنے والوں کے لیے اپنے ملک کی یاد تازہ کریں گے۔

" ریسٹورنٹ کے چیف ڈائریکٹر محمد رفیق نے کہا کہ "اصلی گوجرانوالہ" مکہ مکرمہ میں پہلا ایسا پاکستانی ریسٹورنٹ ہے، جہاں روایتی ذائقوں کے ساتھ پاکستانی ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسٹورنٹ، اوورسیز پاکستانیوں کو وطن جیسا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہے گا۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، جس کے بعد مہمانوں کو پاکستانی کھانے پیش کیے گئے۔ شرکاء نے اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔