جدہ میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر انجم لنگڑیال کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام

سابقہ مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ کی جانب سے چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعزاز میں خصوصی پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا

پیر 24 فروری 2025 21:44

جدہ میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر انجم لنگڑیال کے ..
جدہ (رپورٹ حسن بٹ، اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری2025ء) عمرہ کی سعادت کے لیے آئے ہوئے بورے والا سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ملک نوشیر انجم لنگڑیال کے اعزاز میں سابقہ مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ کی جانب سے خصوصی پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں چوہدری اظہر وڑائچ کے قریبی دوستوں، مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران، اور ایم پی اے ملک نوشیر انجم لنگڑیال کے حلقے کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران چیئرمین مسلم لیگ (ن) چوہدری اکرم گجر نے شرکاء کو ویلکم کیا اور ملک نوشیر انجم لنگڑیال کو عمرہ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نوشیر انجم نگڑیال کی پارٹی اور حلقے کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

جواباً ملک نوشیر انجم لنگڑیال نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا حقیقی سرمایہ ہیں اور پنجاب حکومت نے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ تقریب کے اختتام پر چوہدری اظہر وڑائچ نے کہا کہ دریا غیر میں تمام پاکستانی بلا تفریق قومی یکجہتی کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔

انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی تمام سیاسی جماعتیں ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ یہ تقریب سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔