جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اپپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں تیسری پبلک ہیلتھ کانفرنس کا انعقاد

منگل 25 فروری 2025 21:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2025ء)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اپپنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں تیسری بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ "پاکستان کے صحت کے مسائل اور ان کے حل" کے موضوع پر ہونے والی اس کانفرنس میں ماہرین، محققین اور پالیسی سازوں نے شرکت کی تاکہ صحت عامہ کے اہم مسائل پر بات چیت کی جا سکے۔

کانفرنس میں مختلف تربیتی ورکشاپس، تحقیقاتی مقالے، اور مباحثے شامل تھے، جن میں ماں اور بچے کی صحت، ماحولیاتی اور پیشہ ورانہ صحت، متعدی اور غیر متعدی بیماریاں، طبی تحقیق میں مصنوعی ذہانت، غذائیت کی کمی کے حل اور صحت عامہ کے منصوبوں کے انتظام جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا "یہ کانفرنس صحت عامہ کے فروغ اور تحقیق کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

آج ہونے والی گفتگو اور پیش کی گء تجاویز ہمارے صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔" اپپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی سربراہ اور کانفرنس کی چیئرپرسن ڈاکٹر آمنہ ریحانہ صدیقی نے کہا "یہ کانفرنس ماہرین کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں وہ خیالات اور تجربات کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔ ہمارا مقصد صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیاں لانا ہے۔"یہ دو روزہ کانفرنس 26 فروری کو بھی جاری رہے گی، جس میں غیر متعدی بیماریوں، آبادی میں اضافے، موسمیاتی تبدیلیوں اور صحت عامہ میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے کردار پر سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔