یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، کیمپس سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منظوری

منگل 25 فروری 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2025ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے بورڈ آف گورنرز کا 58واں اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا، جس کی صدارت جسٹس (ر) شیخ احمد فاروق نے کی۔ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جن میں یو ایچ ایس کے دونوں کیمپس کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منظوری شامل تھی۔یہ منصوبہ ساڑھے سات کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جس سے یونیورسٹی کو بجلی کے بل کی مد میں سالانہ ساڑھے پانچ کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔

اس مقصد کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے یو ایچ ایس کو 2 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس میں گزشتہ سال کے دوران کی گئی اصلاحات، ایم ڈی کیٹ کے شفاف انعقاد اور سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں میرٹ پر مبنی داخلوں کو نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

بورڈ ممبران نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا اور کلینیکل لیبارٹری سروسز کے قیام کے منصوبے کی خصوصی تعریف کی۔مزید برآں، اجلاس میں یو ایچ ایس میں ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ سنڈیکیٹ کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ ایچ ای سی کی نئی گائیڈ لائنز کے مطابق یونیورسٹی میں کوالٹی اشورنس سیل کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں کیپٹن (ر) زاہد سعید، نعیم اختر شیخ، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سدرہ سلیم، پرووائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم، اور رجسٹرار کرن فاطمہ نے شرکت کی۔ پروفیسر سلیمہ ہاشمی اور محکمہ خزانہ پنجاب کے نمائندے نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :