مقامی حکومتوں کو درپیش مالی مسائل کو حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے معاونت کے ساتھ ساتھ ان کے اپنے وسائل پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی
جمعرات 27 فروری 2025
21:15
(کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لوکل گورنمنٹ کے نظام کو مضبوط اور بااختیار بنانے کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی یقینی بنائی جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں لوکل گورنمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایسوسی ایشن فار ڈویلپمنٹ آف گورننس کے نمائندے و ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کے چئیرمین سید کمیل حیدر شاہ ، صدر لوکل کونسل ایسوسی ایشن بلوچستان میر عابد حسین لہڑی نے بھی خطاب کیا ، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے مقامی حکومتوں کے فنڈز میں 33 ارب روپے تک اضافہ کیا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ہماری کوشش ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ غیر ترقیاتی اخراجات پر بھی قابو پایا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے زیادہ سے زیادہ شروع کیے جا سکیں وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے حکومت ایک منظم حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔
(جاری ہے)
اس مقصد کے لیے بینظیر بھٹواسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت میرٹ پر آنے والے طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کئے جاررہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تیرہ لاکھ کے لگ بھگ بچے اسکول سے باہر ہیں بد قسمتی سے مختص دستیاب وسائل کا درست استعمال نہیں ہوپاتا 900 ارب روپے کے بجٹ میں اسی فیصد بجٹ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور نان ڈویلپمنٹ میں چلا جاتا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو آنے والے وقت میں ڈویلپمنٹ کی مد میں ہمارے پاس کوئی وسائل نہیں ہوں گے ان مسائل کو کسی اور نے باہر سے آکر نہیں بلکہ ہم نے خود حل کرنا ہے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں مقامی حکومت اور صوبائی حکومت کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جارہا ہے ماضی میں لوکل گورنمنٹ کو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں نظر انداز کیا گیا مگر ہماری حکومت اس نظام کو فعال اور خودمختار بنانے کے لیے پرعزم ہے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی حکومتوں کو درپیش مالی مسائل کو حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے معاونت کے ساتھ ساتھ ان کے اپنے وسائل پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا اس سلسلے میں میونسپل کمیٹیز کو اپنا ٹیکس خود اکٹھا کرنے کا اختیار دیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبے خود تشکیل دے سکیں وزیر اعلی نے کہا کہ ہم مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کے تحفظات سے بھی بخوبی آگاہ ہیں جسے دور کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی اداروں کے سربراہان پر واضح کیا ہے کہ تین امور میں بہتری لائیں حسب ضرورت فنڈ دیں گے ، تھرڈ پارٹی آڈٹ سے خرچ کردہ فنڈز کی جوابدہی کا موثر نظام قائم کیا جائے، فج اسکیمیں نہ ہوں اور بلدیاتی ادارے قومی یکجہتی اور پاکستانیت کو فروغ دیں کیونکہ اسوقت دشمن تین محاذ پر وطن عزیز کے خلاف سرگرم عمل ہے کچھ لوگوں نے مسلح جھتے بنا رکھے ہیں جو بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرکے اس ملک کو دو لخت کرنا چاہتے ہیں ایسے عناصر سے نبرد آزما ہونے کیلئے سیکورٹی فورسز اپنا کام کررہی ہیں بحیثیت سوسائٹی ہر فرد نے اپنا کردار ادا کرنا ہے بیرون ملک پورے پورے سیل بنے ہوئے ہیں جو آرٹیفیشل اینٹیلی جنس اور سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان مخالف عناصر اور بیانیہ کو فروغ دے رہے ہیں احتجاج کے نام پر بلوچستان میں آئے روز سڑکیں بند کرکے ریاست کو گالیاں دی جاتی ہیں ریاست مخالف تقریریں کی جاتی ہیں اور خواتین کو بھی استعمال کیا جاتا ہے صبر کا ایک پیمانہ ہوتا ہے عوام کی منتخب حکومت کوشش کررہی ہے کہ معاملات کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے نکل سکے لیکن صبر کی بھی ایک حد ہوتی ہے جہاں پاکستان کا آئین پر امن احتجاج کا حق دیتا ہے وہاں حکومت کو بھی یہ حق دیتا ہے کہ وہ ہجوم کو منظم کرے اور اپنی رٹ قائم رکھے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرے پاکستان کے آئین کے مطابق ریاست اس مریض کے ساتھ کھڑی ہے جو ایمبولینس میں زندگی کی سانسیں لے رہا ہے اور روڑ بندش کی وجہ سے تڑپ رہا ہے، آئین اس بچے کے ساتھ کھڑا ہے جو اسکول جانا چاہتا ہے تاہم روڑ بندش کی وجہ سے نہیں جا پارہا ، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بارہا جہاں آئین کے آرٹیکل 6 کا ذکر کیا جاتا ہے وہاں اسی آئین کے آرٹیکل 5 کو کیوں نہیں دیکھا جاتا جو ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس دیتا ہے ہمیں پوری یکجہتی سے ریاست مخالف عناصر اور بیانیہ کو مسترد کرنا ہے اور بلدیاتی ادارے اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ کسی بھی منتخب بلدیاتی نمائندے کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹانے کی اجازت نہیں دی جائے گی عوام نے انہیں منتخب کیا ہے اور عوام ہی ان کا احتساب کریں گے میرے پاس ایسی ہی ایک فائل آئی گو کہ یہ میرا اختیار تھا تاہم میں نے یہ تجویز مسترد کردی ہم ایسے کسی اقدام کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ تمام ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمینز، وائس چیئرمینز، میونسپل کمیٹیوں کے سربراہان اور دیگر منتخب نمائندوں کو تنخواہیں اور دیگر مراعات فراہم کی جائیں گی اس کے لیے ایک جامع فارمولا ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ مقامی حکومت کے نمائندے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر سکیں وزیر اعلی نے اس موقع پر تصور فانڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں پر عمل درآمد سے بلوچستان میں تعلیمی انقلاب برپا ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے ہر ممکن اقدام کو عملی جامہ پہنائیں گے لوکل گورنمنٹ کانفرنس میں حکومت بلوچستان اور ایسوسی ایشن فار ڈویلپمنٹ آف لوکل گورنمنٹ کے مابین باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر بھی دستخط کئے گئے اس سمجھوتے کے مطابق لوکل گورنمنٹ کی استعداد کار میں اضافے، ان کی فعالیت، بلدیاتی نمائندوں کی رہنمائی و تربیت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے تقریب میں صوبائی وزرا میر محمد صادق عمرانی، میر علی حسن زہری، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن، سبق مئیر کوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی سمیت لوکل کونسلز کے سربراہان اور صوبائی حکام نے بھی شرکت کی۔