Live Updates

آسٹریلیا اور افغانستان کا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا

دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ دے دیا گیا، افغانستان چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچا یا نہیں؟

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 فروری 2025 21:04

آسٹریلیا اور افغانستان کا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 فروری 2025ء ) آسٹریلیا اور افغانستان کا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا، افغانستان چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچا یا نہیں؟ ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے آسٹریلیا اور افغانستان کے میچ کو بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ افغانستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 13 ویں اوور تک 109 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی جبکہ اس کا صرف ایک کھلاڑی آوٹ ہوا تھا۔

تاہم اس موقع پر لاہور میں موسلادھار بارش شروع ہو جانے کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا، یوں میچ ریفری نے دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ دے دیا۔ میچ کے اس نتیجے کے بعد آسٹریلیا چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ جبکہ افغانستان کو جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی جانب سے جنوبی افریقہ کو بڑے مارجن سے شکست دیے جانے کی صورت میں افغانستان سیمی فائنل تک پہنچ سکتا ہے۔

اگر جنوبی افریقہ انگلینڈ کیخلاف فاتح رہا یا اسے قدرے کم مارجن سے شکست ہوئی، تو اس صورت میں پروٹیز سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے اہم میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کا آغاز اچھا نہ رہا اوپنر رحمان اللہ گرباز صفر پر یویلین روانہ ہوئے تاہم ابراہیم زادران اور صدیق اللہ اتل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی ، ابراہیم 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بعد ازاں رحمت شاہ 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

صدیق اللہ اتل 85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ حشمت اللہ شاہدی نے 20 رنز بنائے۔ ابراہیم زادران 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے بعد ازاں رحمت شاہ بھی 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ محمد نبی 1، گلبدین نائب 4 اور راشد خان 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے 2، 2، گلین میکسویل، بین ڈورشوئس اور ناتھن ایلیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی آسٹریلیا کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔ اس موقع پر آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ موسم ابرآلود ہونے کے باعث بالرز کو موقع دینا چاہتے تھے تاکہ جلد وکٹیں لیکر افغانستان کو دباؤ میں لایا جاسکے۔ واضح رہے کہ اگر افغانستان کی ٹیم آج کا میچ ہاری تو وہ ایونٹ سے باہر ہو جائے گی لیکن آسٹریلیا ہارا تو وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں ہوگا اور اسے ہفتے کو انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے میچ کا انتظار کرنا ہوگا۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے ابھی 3،3 پوائنٹس ہیں البتہ رن ریٹ افریقا کا بہتر ہے۔ افغانستان 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات