پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور برفباری کا امکان

پی ڈی ایم اے نے مراسلہ جاری کردیا، ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کے لیے ہدایات

ہفتہ 1 مارچ 2025 16:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2025ء)خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں رات سے گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں بارشوں اور برف باری کا یہ نیا سلسلہ 2 سے 4 مارچ تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ اس دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

صوبائی محکمے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو بارش اور برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا، جس میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ اسی طرح حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔