وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، افتخار علی ملک

اتوار 2 مارچ 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ اتوار کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا قدرتی وسائل سے مالا مال اور پاکستان کے لیے بے پناہ اقتصادی مواقع کا حامل ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے ان ریاستوں کے حالیہ دورے تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ قازقستان، ازبکستان، ترکمانستان، کرغزستان اور تاجکستان توانائی، زراعت اور معدنیات کے وسائل سے مالا مال ہیں اور پاکستان ان کے لیے ایک اہم تجارتی اور ٹرانزٹ مرکز کے طور پر کام کر سکتا ہے۔ سی پیک اور ٹرانس افغان ریلوے جیسے منصوبے بہتر رابطوں اور تجارت میں سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وسطی ایشیا کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات کو فروغ دے کر پاکستان اپنے اقتصادی چیلنجز پر قابو پا سکتا ہے، روایتی منڈیوں پر انحصار کم کر سکتا ہے اور ترقی کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دوروں کا مقصد دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔ اس دوران مذاکرات تیل، گیس اور بجلی کے علاوہ زراعت، ٹیکسٹائل اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مشترکہ منصوبوں پر مرکوز رہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے جن سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی میں بہتری آئے گی۔