ایس بی کے شارٹ لسٹڈ اساتذہ کمیٹی کے ممبران کی گرفتاری اور پریس کلب کوئٹہ میں پولیس کے گھسنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، دائود شاہ کاکڑ

پیر 3 مارچ 2025 23:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مارچ2025ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داود شاہ خان کاکڑ نے اساتذہ کمیٹی کے ممبران بشمول اللہ نور بلوچ اور دیگر اساتذہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدام قرار دیا ہے۔داود شاہ کاکڑ نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور اپنے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے۔

(جاری ہے)

پریس کلب جیسے صحافتی ادارے میں پولیس کا گھس کر نہتے اساتذہ کو گرفتار کرنا آزادی صحافت پر کھلا حملہ اور جمہوری اقدار کی پامالی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے اس آمرانہ رویے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ تحریک انصاف بلوچستان اساتذہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔داود شاہ خان کاکڑ نے مطالبہ کیا کہ اللہ نور بلوچ سمیت تمام گرفتار اساتذہ کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور پریس کلب کے تقدس کو پامال کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے اساتذہ کے ساتھ یہ ظالمانہ رویہ بند نہ کیا تو پاکستان تحریک انصاف اساتذہ کے حق میں اس ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔