یونیورسٹی آف سرگودھا اور فٹ ویل ہب کے مابین ڈ یجیٹل کلینک اورسنٹرل ہیلتھ کیئر ہب قائم کرنے کا معاہدہ طے

بدھ 5 مارچ 2025 16:59

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور فٹ ویل ہب کے درمیان ڈ یجیٹل کلینک اور سنٹرل ہیلتھ کیئر ہب قائم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے کے تحت تھری ان ون ہیلتھ کارڈ پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی آف سرگودھا نے فٹ ویل ہب کے ساتھ باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کی باضابطہ تقریب وائس چانسلر آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوئی ہے۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین،فیکلٹی ڈینز، تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور نے شرکت کی۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے رجسٹرار وقار احمد اور ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے جبکہ فٹ ویل ہب کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان سعید گل اور منیجنگ ڈائریکٹر سرگودھا حبیب طالب نے معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فٹ ویل ہب کے چیئرمین محمد سلیم، سی ای او سنی گل، ایم ڈی سعید گل، سی او او عدنان بخش، اور دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔معاہدے کے مطابق، فٹ ویل ہب یونیورسٹی میں ایک ڈیجیٹل کلینک اور ایک مرکزی ہیلتھ کیئر ہب قائم کرنے کے علاوہ طلبہ کو ہیلتھ کیئر مینجمنٹ، بزنس ماڈلنگ، مارکیٹنگ، اور آپریشنز کے جدید اصولوں پر تربیت کے مواقع فراہم کرے گی، تاکہ وہ عملی میدان میں اپنی مہارتوں کا بہترین استعمال کر سکیں۔

شعبہ طب سے متعلقہ طلبہ کو ٹیلی ہیلتھ سروسز میں عملی تجربہ فراہم کیا جائے گا، جس سے انہیں حقیقی طبی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔علاوہ ازیں، صحت کی سہولیات کومزید منظم اورموثربنانے کے لییتھری ان ون ہیلتھ کارڈ پروگرام متعارف کروایا جائے گا، جس کے ذریعے طلبہ، اساتذہ، عملہ اور پسماندہ کمیونٹیز جدید طبی سہولیات و خدمات سے مستفید ہوسکیں گے۔

معاہدے کے تحت سرگودھا یونیورسٹی میں ایک مرکزی ہیلتھ کیئر ہب قائم کیا جائے گا، جو آپریشنل معیار کو بلند کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اس ماڈل کو دیگر تعلیمی اداروں تک وسعت دینے کی راہ ہموار کرے گا۔ مزید برآں، پنجاب بھر میں یونیورسٹی نیٹ ورک کے تحت سیٹلائٹ کلینکس قائم کیے جائیں گے، تاکہ صحت کی سہولیات زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچائی جا سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یہ معاہدہ صحت عامہ کے شعبے میں ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا، جو نہ صرف تعلیمی اور طبی میدان میں جدت کا باعث بنے گا بلکہ ہزاروں افراد کی صحت و بہبود کے لیے بھی ایک عملی قدم ہوگا۔ اقدام تعلیمی ترقی، صحت عامہ کی جدید سہولیات اور کمیونٹی سروس کو یکجا کرے گا، جس سے طلبہ کو عملی تجربہ حاصل ہوگا اور صحت کی سہولیات تک آسان رسائی ممکن ہو گی۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے تحت یونیورسٹی نہ صرف اپنے طلبہ اور ملازمین بلکہ سرگودھا کی پوری کمیونٹی کے لیے ٹیلی ہیلتھ کی سہولت فراہم کرنے جا رہی ہے۔تھری ان ون ہیلتھ کارڈ ایک جدید تکنیکی حل ہوگا جو صحت سے متعلق مسائل کو موثراور جدید طریقے سے حل کرنے میں مدد دے گا۔اس سلسلہ میں یونیورسٹی کے ڈاگناسٹک سنٹر میں جگہ مختص کر دی گئی ہے اور معاہدے کے بعد اس پر عملی کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر سعید گل نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اور فٹ ویل ہب کے اس اشتراک سے صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی اور جدید تکنیکی بنیادوں پر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جائے گا۔یہ معاہدہ صحت عامہ کے شعبے میں ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا، جو نہ صرف تعلیمی اور طبی میدان میں جدت کا باعث بنے گا بلکہ ہزاروں افراد کی صحت و بہبود کے لیے بھی ایک عملی قدم ہوگا۔