رمضان کے مہینے میں پانی، بجلی اور گیس سے عوام کو محروم رکھنا ظلم ہے، ایازمیمن موتی والا

بدھ 5 مارچ 2025 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین اور عام آدمی پارٹی پاکستان کے بانی ایاز میمن موتی والا نے کراچی میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ اور گیس کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزے داروں کو سحر و افطار کے دوران پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا سراسر ناانصافی اور عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

کراچی کے شہری پہلے ہی مہنگائی، ٹیکسوں اور دیگر مسائل میں پس رہے ہیں، ایسے میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ایاز میمن موتی والا نے گیس، بجلی کی عدم دستیابی کے باوجود بلوں میں اضافے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب گیس بجلی فراہم ہی نہیں کی جا رہی تو پھر بلوں میں ہر ماہ اضافہ کس طرح ہو رہا ہی حکومت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ تاجروں کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار ٹھپ ہو رہے ہیں اور تاجر برادری کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سحر و افطار کے اوقات میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ سندھ کے بجٹ میں 90 فیصد ٹیکس دینے والا شہر کراچی آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ آخر کب تک کراچی کے عوام کے ساتھ یہ ناانصافی جاری رہے گی عوام کو اپنے حقوق کی خاطر جاگنا ہوگا اور اپنی آواز بلند کرنی ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔