کراچی،سرکاری ریٹ پر مرغی کا گوشت نہیں بیچ سکتے دکانداروں کا (آج)ہڑتال کا اعلان

پولٹری فارمز مرغی ہولڈ کررہے ہیں جس کا مقصد مصنوعی قلت پیدا کرنا ہے، صدر سندھ پولٹری اینڈ ریٹیلر ایسوسی ایشن

بدھ 5 مارچ 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)مرغی کے دکانداروں نے سرکاری نرخ پر گوشت بیچنے سے انکار کرتے ہوئے آج(جمعرات)دکانیں بندرکھنے کا اعلان کردیا۔ سندھ پولٹری اینڈ ریٹیلر ایسوسی ایشن صدر رائو محمد افضال نے کہا کہ پولٹری فارمز سرکاری نرخ کی خلاف ورزی کررہے ہیں، اور 400 روپے کے سرکاری نرخ پر زندہ مرغی کے بجائے 490 روپے پر سپلائی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو مرغی کا فی کلو گوشت 780 روپے میں پڑ رہا ہے تو 640 کی سرکاری قیمت پر کیسے بیچیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہری انتظامیہ یک طرفہ طور پر دکانداروں کے خلاف کارروائی کررہی ہے اوردکانداروں پر ایک لاکھ روپے تک کے جرمانے عائد کیے جارہے ہیں۔ رائو محمد افضال نے الزام عائد کیا کہ پولٹری فارمز مرغی ہولڈ کررہے ہیں جس کا مقصد مصنوعی قلت پیدا کرنا ہے۔ صدر سندھ پولٹری اینڈ ریٹیلر ایسوسی ایشن نے سرکاری نرخ پر مرغی کا گوشت فروخت کرنے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے جمعرات سے شہر بھر میں مرغی کی دکانیں بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پولٹری فارمرز کو سرکاری ریٹ کا پابند نہیں کیاجاتا اور سرکاری ریٹ پر سپلائی نہیں ملتی اس وقت تک دکانیں بند رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :