محکمہ موسمیات کی آئندہ ہفتے سے کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی

کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،رمضان کے آخری ایام میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے،فوکل پرسن محکمہ موسمیات

جمعرات 6 مارچ 2025 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2025ء)محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی کردی۔فوکل پرسن محکمہ موسمیات انجم نذیرضیغم کے مطابق آئندہ چند روز تک کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔انجم نذیرضیغم نے کہا کہ آئندہ ہفتے شہرقائد کاموسم گرم رہے گا،پارہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتاہے تاہم 12 مارچ سے موسم پھر سے تبدیل ہوگا اور ہوائیں چلیں گی تاہم کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے رمضان کے پہلے عشرے میں موسم بہتر رہنے کی پیشگوئی کی ہے تاہم آخری عشرہ میں کراچی میں ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا تھا۔محکمہ موسمیات کے میڈیا فوکل پرسن انجم نذیر ضیغم نے کہاکہ رمضان المبارک کا آغاز معتدل موسم سے ہوگا مگر رمضان کے آخری ایام میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔رمضان کے دوران سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم رہ سکتا ہے جب کہ صوبے کے جنوبی علاقوں میں رمضان کے آخری عشرے میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاسکتا ہے۔