سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ،10 دہشت گرد گرفتار

دہشتگردوں سے دھماکہ خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم، 19 ڈیٹونیٹرز ،35 فٹ حفاظتی فیوز تار، پمفلٹ، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، ترجمان سی ٹی ڈی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 8 مارچ 2025 11:42

سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ،10 دہشت گرد گرفتار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 مارچ 2025)کاﺅنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے10 دہشت گرد وں کوگرفتارکرلیا، دہشتگردوں سے دھماکہ خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم، 19 ڈیٹونیٹرز ،35 فٹ حفاظتی فیوز تار، پمفلٹ، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں راولپنڈی ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب ، بہاولنگر ، رحیم یار خان ، راجن پور ، بھکر اور جہلم میں کی گئیں ، خوشاب اور جہلم سے ٹی ٹی پی کے دو خطرناک دہشت گرد بارودی مواد سمیت گرفتار کیاگیا۔

سی ٹی ڈی حکام کایہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 73 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے ہیں اور کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کی شناخت ریاض ،شفیق ، رشید ، جاوید، ظہیر ، ظہیر الدین، حفیظ، وزیر ، آصف اور وحید کے نام سے ہوئی ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی محکمہ انسداد دہشتگردی نے آپریشن کرتے ہوئے لاہور سے فتنہ الخوارج کے دو جبکہ راولپنڈی سے ایک خطرناک دہشت گرد کو پکڑلیا تھاجبکہ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 162انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 20 دہشتگردوں کو بھی گرفتار کرلیاگیاتھا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، خانیوال، بہاولنگر، راولپنڈی اور چنیوٹ ، میانوالی، ساہیوال، شیخو پورہ، سیالکوٹ، بہاولپور اور حافظ آباد میں بھی کارروائی کی گئیں تھیں۔سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا تھاکہ کارروائیوں میں لاہور سے فتنہ الخوارج کے دو جبکہ راولپنڈی سے خطرناک دہشت گرد منموہن سنگھ کو گرفتار کیا گیاتھا۔

منموہن سنگھ کا تعلق رحیم یار خان سے تھا۔ترجمان کایہ بھی کہنا تھاکہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم ، 23 ڈیٹونیٹرز ،61 فٹ حفاظتی فیوز تار ، متنازع پمفلٹس نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے تھے۔ دہشت گردوں کی شناخت صالح رضا ، محمد ریاض ، ابوبکر ، بوال خان، محمد یونس ، عثمان اور منموہن سنگھ وغیرہ کے نام سے ہوئی تھی۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تخریب کاری کی کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔