ظ*ملی لیبر فیڈریشن کا اساتذہ بارے توہین آمیز بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار

اتوار 9 مارچ 2025 19:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2025ء) پاکستان ملی لیبر فیڈریشن نے رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید کے اساتذہ بارے میں دیے گئے توہین آمیز بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ امجد علی نے اپنے بیان میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اساتذہ کو "گدھے اور گھوڑی" قرار دیا تھا اور اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ ان میں سے زیادہ تر کی ڈگریاں جعلی ہیں۔

جو اساتذہ ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں، انہیں اجازت دے دینی چاہیے۔پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے صدر میاں غلام مصطفیٰ, جنرل سیکرٹری رانا جبران ، پنجاب کے صدر عبد المجید سالک، کے پی کے چیئرمین وزیر زادہ، صدر اجمل خٹک ، بلوچستان کے صدر شکر خان رئیسانی نے مشترکہ بیان میں اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے توہین آمیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے نہ صرف اساتذہ کی عزت و احترام مجروح ہوتی ہے بلکہ یہ ہماری قومی تعلیم کے معیار کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

(جاری ہے)

اساتذہ کو کسی بھی قوم کا معمار سمجھا جاتا ہے اور ان کا عزت واحترام کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کیا کہ اساتذہ کی محنت اور قربانیاں قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس قسم کے بیانات سے اساتذہ کی عزت نفس کو مجروح کرنا کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے بیان کو کارروائی سے حذف کرنے کی بجائے حکومت کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے اور رکن پنجاب اسمبلی کے خلاف تادیبی کارروائی کرنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اساتذہ کی توہین کرنے کی جرات نہ کرے۔

اس کے علاوہ، اساتذہ کے ریٹائرمنٹ کے حقوق کا مکمل احترام کیا جائے اور جو اساتذہ ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں، انہیں بلا کسی رکاوٹ کے اس حق سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں اصلاحات کی گنجائش ضرور ہے، لیکن اس کے لیے اساتذہ کی توہین کرنا یا ان کی محنت کو نظرانداز کرنا بالکل غیر مناسب ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب اسمبلی اور حکومت پنجاب اس توہین آمیز بیان پر فوری طور پر کارروائی کریں گے تاکہ اس طرح کے غیر سنجیدہ اور غیر مہذب بیانات کا سدباب ہو سکے۔