میاں محمد نوازشریف کے ویژن پرعمل کرتے ہوئے پاکستان سے بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے، چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 10 مارچ 2025 21:25

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2025ء) سانگلہ ہل انجمن تاجراں سبزی منڈی کی طرف سے مقامی شادی ہال میں چوہدری محمد برجیس طاہر سابق گورنر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں حلقہ این اے 111 اور پی پی 132 کے معززین نے شرکت کی افطار ڈنر میں چوہدری محمد برجیس طاہر نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کی برکات اور رحمتوں کے طفیل پاکستان مسلم لیگ ن ملک خداداد پاکستان میں نوجوانوں کے لیے بہت سے ایسے پروگرام تشکیل دے رہی ہے جس سے بے روزگاری میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ملک بھر کے غریبوں اور مساکین کو رمضان پیکج اور عید پیکج دینا مسلم لیگ ن کی بہت خوبصورت کاوش ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں محمد نواز شریف ہی وہ امید کی واحد کرن ہیں جو پاکستان سے بھوک، افلاس اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں اور بہت جلد ان کے بنائے ہوئے لائحۂ عمل پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستان ترقیوں کی منازل طے کرے گا چوہدری محمد برجیس طاہر نے بتایا کی سانگلہ ہل میں سوئی گیس سے لے کر ڈیجیٹل ایکسچینج تک اور سانگلہ ہل کے پارکوں اور سڑکوں کی تزئین و آرائش تک سہرا صرف اور صرف مسلم لیگ ن کے سر ہے اور پارٹیوں میں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے کون کیا ہے یہ عوام سے بہتر کوئی نہیں جانتا میرے حلقہ کے عوام جانتے ہیں کہ میں نے جبر اور ظلم کی سیاست نہیں کی بلکہ میں ہمیشہ شرپسندوں کے سامنے سینہ سپر ہی رہا ہوں اور جب تک میری سانس میں سانس ہے میں باطل کے مقابل ڈٹ کے کھڑا رہوں گا بعدازاں چوہدری محمد برجیس طاہر نے افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر حاجی شاہد نعیم صابری، میاں محمود احمد عرف بھولا پہلوان، غلام حسن ، چوہدری شفیق الرحمن ونگڑ اور انجمن تاجراں کے عہدیداران اور ممبران کا شکریہ ادا کیا۔