صدر ٹائون میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے عوام کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، منصور شیخ

منگل 11 مارچ 2025 17:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء)صدر ٹائون کراچی کے چیئرمین اور پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر منصور احمد شیخ نے ٹائون آفس میں علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کی اور عوام کے درپیش مسائل سننے کے بعد ان کو حل کرانے کی یقین دھانی کرائی۔ قبل ازیں چیئرمین صدر ٹائون منصور احمد شیخ نے صدر ٹائون کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااور صفائی ستھرائی کے انتظات کا جائزہ لیا۔

صدر ٹائون آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے منصور احمد شیخ نے کہاکہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور صدر ٹائون میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کر کے عوام کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کو صرف بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کر رہے بلکہ تعلیمی، کھیلوں اور تفریحی سہولتوں کی فراہمی میں بھی فعال ہیں۔

(جاری ہے)

منصور احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور عوام کی خدمت ہے اور ہم اسے ہر صورت جاری رکھیں گے۔صدر ٹائون کی عوام نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے ووٹ دیا ہے، اور میں ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کی دہلیز تک جا کر کام کروں گا۔انہوں نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں صدر ٹائون میں صفائی ستھرائی کے مکمل انتظامات کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ یہ مہینہ عبادت اور خدمت کا ہے، ہم نے اس بات کا خاص خیال رکھا ہے کہ عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔

اسٹریٹ لائٹس سے لے کر سڑکوں کی تعمیر تک، ہم نے تمام ترقیاتی منصوبوں میں تیزی سے کام شروع کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ وائی فائی فری زونز کی فراہمی، پارکنوں کی بحالی سمیت شجر کاری مہم پر بھی کیا ہے تاکہ صدر ٹان کی عوام کو جدید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔منصور احمد شیخ نے یہ بھی کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو ہر وہ سہولت فراہم کی جائے جس سے ان کی زندگی بہتر ہو اور ان کا ہر مسئلہ فوری حل ہو ہم صدر ٹائون کو کراچی کا دل بنائیں گے۔