سوات،ایس پی ٹریفک نے گریویٹی سکیم کی کھدائی کے دوران ٹریفک روانی برقرار رکھنے پر افسران، اہلکاروں کو توصیفی اسناد سے نواز دیا

منگل 11 مارچ 2025 23:04

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء)ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان نے رمضان المبارک اور سیکٹر سٹی میں جاری گریویٹی اسکیم کی کھدائی کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کو توصیفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح رہی۔

(جاری ہے)

مینگورہ سٹی میں گریویٹی اسکیم کی کھدائی اور گاڑیوں کے لیے باقاعدہ پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس نے مثر حکمت عملی اپناتے ہوئے رش پر قابو پایا اور شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی۔ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان نے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاران کی محنت، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اہلکار ہمارے محکمے کے فخر ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، غلط پارکنگ اور سڑکوں پر تجاوزات سے اجتناب کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔