جعفر ایکسپریس حملہ؛ بازیاب مسافروں کی تعداد 190 ہوگئی، 30 دہشتگرد ہلاک

ٹرین کی تین سے چار بوگیوں میں آپریشن کلیئر کر لیا گیا، عورتوں اور بچوں کی خود کُش بمباروں کے ساتھ موجودگی کی وجہ سے آپریشن میں انتہائی اختیاط برتی جا رہی ہے؛ سکیورٹی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 12 مارچ 2025 16:17

جعفر ایکسپریس حملہ؛ بازیاب مسافروں کی تعداد 190 ہوگئی، 30 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ 2025ء ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے جاری آپریشن میں بازیاب مسافروں کی تعداد 190 ہوگئی، اس دوران 30 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گزشہ روز جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس آپریشن کے دوران اب تک 30 دہشت گردوں ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 190 مسافروں کو بازیاب کروا لیا، آپریشن کے باعث دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں، فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

سکیورٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جعفر ایکسپریس ٹرین کی تین سے چار بوگیوں میں آپریشن کلیئر کر لیا گیا ہے، باقی ماندا دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، تاہم بقیہ یرغمالیوں کے پاس خودکش بمبار بیٹھے ہوئے ہیں، خود کش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹیں پہنے ہوئے ہیں، دہشت گرد خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سکیورٹی فورسز کی جانب سے معصوم یرغمالیوں میں خودکش بمباروں کی موجودگی کے باعث انتہائی اختیاط سے کام لے رہی ہیں، عورتوں اور بچوں کی خود کُش بمباروں کے ساتھ موجودگی کی وجہ سے آپریشن میں انتہائی اختیاط برتی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ریلوے پولیس نے بتایا ہے کہ ٹرین میں کم از کم 430 مسافر سوار تھے، کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم تصدیق کا عمل جاری ہے، واقعے کے فوری بعد سے ہی تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے، سبی سے ایمبولینسز جائے وقوع کی جانب روانہ کی گئیں، اس کے علاوہ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد مسافروں کی معلومات کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کردیا گیا ہے جب کہ پشاور اور کوئٹہ سے جانے والی ٹرینوں کو سبی کے مقام پر روک دیا گیا۔