تحریک حریت کا بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

بدھ 12 مارچ 2025 21:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں تحریک حریت نے بھارتی جیلوں میں نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان احمد یاسین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں امیر حمزہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، محمد یوسف فلاحی اور دیگر نظر بند رہنمائوں کی سلامتی کے حوالے سے گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رہنما کئی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں اورمسلسل نظربندی اور بھارتی جیلوں میں ان کو دی جانے والی ذہنی اذیت سے ان کی زندگیوں کے لئے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ترجمان نے نظربند رہنمائوں کے غیر متزلزل عزم و استقلال کو سراہتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے آزادی پسند عوام کو حریت قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی جدوجہدآزاد ی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششوں سے بخوبی واقف ہیں۔

بیان میں کہاگیا کہ کوئی بھی انتخابی عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا جس کے لیے کشمیری عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔احمد یاسین نے بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی مختلف جیلوں میں نظربند حریت رہنمائوں، کارکنوں اور عام کشمیریوں کے عزم وہمت کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے بھارتی حکام کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجودجدوجہد آزادی جاری رکھنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کیا۔

تحریک حریت کے ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اورہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ جیلوں کے آزادانہ جائزے کی اجازت کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوں نے ان عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو درپیش شدید مشکلات کو دورکرانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور ان کے حقوق اور وقار کو برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں۔