Live Updates

جعفر ایکسپریس حملہ، 21 مسافروں اور 4 سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق

بدھ کی شام کو حتمی کلیئرنس آپریشن میں تمام مسافر بازیاب کروا لیے گئے، ترجمان پاک فوج کا آپریشن کامیاب ہونے کا اعلان

muhammad ali محمد علی بدھ 12 مارچ 2025 21:02

جعفر ایکسپریس حملہ، 21 مسافروں اور 4 سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ2025ء) جعفر ایکسپریس حملہ، 21 مسافروں اور 4 سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق، ترجمان پاک فوج کا آپریشن کامیاب ہونے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل ہو گیا۔ اس حوالے سے ترجمان پاک فوج کی جانب سے تفصیلی بیان جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق جعفر ایکسپریس میں 440 مسافر موجود تھے، دہشت گردوں نے 11 مارچ کو دن 1 بجے بولان کے قریب ٹرین ٹریک کو دھماکے سے اڑا کر ٹرین کو روکا۔ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس میں موجود مسافروں کو یرغمال بنایا، دہشت گرد دوران آپریشن افغانستان میں رابطے میں تھے، دہشت گرد مسافروں کو شیلڈ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

بازیابی کا آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا، بازیابی کے آپریشن میں پاک فوج، ایئر فورس، ایف سی اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا، دہشت گردوں نے تین ٹولیوں میں مسافروں کو بٹھایا ہوا تھا، مرحلہ وار یرغمالیوں کو بازیاب کرایا گیا۔ جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد 21 مسافر شہید ہوئے، مسافروں کی شہادت سیکورٹی فورسز کے آپریشن سے قبل ہوئی، جبکہ آپریشن کے دوران 4 سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بدھ کی شام کو سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل ہو گیا اور تمام مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا۔ آج بھی خواتین، بچوں کو بازیاب کرایا گیا، کلیئرنس آپریشن میں کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، آپریشن میں بڑی احتیاط برتی گئی۔ ہم نے بغیر نقصان کے یرغمالیوں کو فائنل آپریشن میں بازیاب کرایا، فائنل کلیئرنس آپریشن میں کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، بڑی احتیاط اور پروفیشنل طریقے سے آپریشن کیا گیا۔ موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے، دہشت گردوں کی کل تعداد 33 تھی۔
Live جعفر ایکسپریس حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات