Live Updates

وزیر اعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میں 7 سالہ اثمارہ کی مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے ہلاکت کے واقعے پر سخت نوٹس

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کمالیہ کا ہنگامی دورہ ، انتظامات اور واقعے کی تحقیقات کا جائزہ لیا

بدھ 12 مارچ 2025 22:45

وزیر اعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میں 7 سالہ اثمارہ کی مبینہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میں 7 سالہ اثمارہ کی مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے ہلاکت کے واقعے پر سخت نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کمالیہ کا ہنگامی دورہ کیا اور ہسپتال میں سہولیات، انتظامات اور واقعے کی تحقیقات کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچی کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو ہر صورت نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کو ہسپتال پہنچ کر معاملے کی مکمل جانچ کی ہدایت کی۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی، مریضوں اور لواحقین کے بیانات قلمبند کیے اور ہسپتال انتظامیہ سے تفصیلی بریفنگ لی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات، ایمرجنسی وارڈ اور ادویات کی دستیابی کا بھی معائنہ کیا۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر جاں بحق بچی کے گھر بھی گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود اس واقعے پر انتہائی افسردہ ہیں اور انہوں نے واضح ہدایات دی ہیں کہ انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں وزیر صحت نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ، ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور چیف فارماسسٹ کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔ مزید کارروائی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر صحت نے ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات نہ ملنے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا سرکاری ہسپتال ہے جہاں ایسی شکایات سامنے آئی ہیں، اس کا مکمل آڈٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے تین ماہ کے ریفرل کیسز اور چھ ماہ کے میڈیسن ریکارڈ کی جانچ کا حکم بھی دیا تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوں کا پتہ چلایا جا سکے۔وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صحت دوست ویژن کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اگر کسی بھی ہسپتال میں اس حوالے سے کوتاہی یا بدعنوانی ثابت ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر اور 7 رکنی ٹیکنیکل ٹیم بھی موجود تھی، جنہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور اپنی رپورٹ مرتب کی۔وزیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کسی بھی صورت عوام کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کرے گی، اور مریضوں کے حقوق کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس واقعے کے تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روکنتھام کی جانسکے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات